تازہ خبریں

زرعی قوانین کے خلاف آر پار کی جنگ جاری رہے گی: راکیش ٹکیت

الور: زرعی قوانین کے تعلق سے جاری کسان تحریک کا اہم چہرہ بننے والے راکیش ٹکیت نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ جب تک ایم ایس پی پر قانون نہیں بنے گا اور تینوں قوانین واپس نہیں ہوں گے تب تک کسانوں کی گھر واپسی نہیں ہوگی۔ راکیش ٹکیت نے آج الور ضلع کے کشن گڑھ باس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کسان مخالف تینوں قوانین واپس لے۔ ان قوانین کو آمریت کے ذریعے نافذ کیا گیا ہے۔ کسانوں کی فصلیں آدھی قیمت پر فروخت ہورہی ہیں۔ یہ کالا قانون ہے۔ اس سےزیادہ خطرناک صورتحال صارف کی ہوگی۔ جب اناج، سبزیاں، دالیں تالے میں بند ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایم ایس پی پر گارنٹی قانون بنادے کہ اگر کوئی تاجر سرکاری خریداری سے کم پرخریدتا ہے تو اسے جیل ہوگی۔

راکیش ٹکیٹ نے کہا کہ ملک بھر کے کسان اس تحریک کے ساتھ ہیں۔ قانون پورے ملک کے لئے بنایا گیا ہے۔ ایم ایس پی کو پورے ملک میں لاگو ہونا چاہئے۔ راہل گاندھی کے راجستھان کے دورے سے ایک دن قبل ٹکیت کے الورمیں اجلاس میں شرکت کے سوال سےوہ گریز کرتے نظر آئے، لیکن انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی سے ہمارا کوئی تال میل نہیں ہے۔ اس تحریک کے ذریعے سیاست چمکانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات نہیں لڑیں گے اور نہ ہی ووٹ کے لئے تحریک چل رہی ہے۔ 40 آدمیوں کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وہ حکومت سے بات چیت کرکے ہی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تینوں قوانین کو واپس لے لے اور ایم ایس پی بھی قانون بنادے اس کے بعد وہ اپنا احتجاج ختم کرسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!