خبریںریاستوں سےقومیمغربی بنگال

’میں ہندو ہوں اور شرمندہ ہوں‘

فلم اداکار ذیشان ایوب کی بیوی رسیکا اگاشے سی اے اے مخالف مظاہرہ میں شامل لوگوں سے ملاقات کرنے کولکاتا کے ’پارک سرکس میدان‘ گئی تھیں جہاں انھوں نے کہا کہ سی اے اے کے خلاف آواز اٹھتی رہنی چاہیے۔

شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف شاہین باغ کی طرز پر ہو رہے ’پارک سرکس میدان‘ مظاہرہ میں بدھ کی شب تقریباً ساڑھے نو بجے فلم اداکار ذیشان ایوب کی بیوی رسیکا اگاشے پہنچیں اور وہاں بیٹھی خواتین کی ہمت کو خوب سراہا۔ رسیکا خود بھی اداکاری اور ہدایت کاری شعبہ سے جڑی ہوئی ہیں، لیکن سماجی ایشوز پر بولتی رہی ہیں۔ پارک سرکس میدان میں انھوں نے سی اے اے کے خلاف مظاہرہ کر رہی خواتین کی پرزور تعریف کی اور کہا کہ ’’میں ذیشان ایوب کی بیوی ہوں، میں ہندو ہوں، اور شرمندہ ہوں۔‘‘

رسیکا کے ذریعہ پارک سرکس میدان میں دیے گئے خطاب پر مبنی ایک رپورٹ انگریزی روزنامہ نے ’دی ٹیلی گراف‘ میں شائع ہوئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق رسیکا نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں محمد ذیشان ایوب کی بیوی ہوں۔ میں ہندو ہوں۔ اور ایک نظم ہے: میں ہندو ہوں اور شرمندہ ہوں۔‘‘ رسیکا نے مزید کہا کہ ’’میں یہاں پر یہ ضرور کہنا چاہوں گی کہ ایک ہندو راشٹر میں، جیسا کہ اسے ہندو راشٹر کہا جا رہا ہے، اس میں ہم جیسے ہندو شرمندہ ہیں کہ آپ (مظاہرین) کو یہاں پر بیٹھنا پڑ رہا ہے۔‘‘

’میرے پیارے پردھان منتری‘ فلم میں رابعہ کا کردار نبھا چکی دہلی کے نیشنل اسکول آف ڈراما کی الومنائی رسیکا نے تقریب میں خصوصی طور پر مسلم خواتین کی خوب پذیرائی کی اور کہا کہ وہ مشکل حالات میں اپنے حق کی آواز اٹھا رہی ہیں اور ایسے وقت میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’آپ تنہا نہیں ہو، ہم سب یہاں آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘ رسیکا نے مزید کہا کہ ’’اب تک ہم یہ کہتے تھے کہ فوج وہاں (سرحد) پر کھڑی ہے اس لیے ہندوستان آرام کی نیند سوتا ہے۔ میں کہتی ہوں کہ ملک میں ہر جگہ پر آپ لوگ اس طرح سے بیٹھے ہوئے ہیں، اس لیے سیکولر ہندوستان چین کی نیند سو سکتا ہے۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!