5/ بچے پیدا کریں، ورنہ دوسرا پاکستان بن جائے گا! بی جے پی لیڈر کی ہندوؤں سے اپیل
میرٹھ کے بی جے پی لیڈر ونیت اگروال شاردا نے یومِ جمہوریہ کی تقریب میں ہندوؤں کو 5 بچے پیدا کرنے کی صلاح دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ کس بچے کو کس کام پر لگایا جائے
میرٹھ: مسلم اور پاکستان دشمنی میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈر کس قدر نفرت انگیز بیانبازی کر سکتے ہیں اس کی بانگی مغربی اتر پردیش کے میرٹھ شہر میں اس وقت نظر آئی جب بی جے پی کے ایک لیڈر نے ہندوؤں کو مسلمانوں اور پاکستان کا خوف دکھا کر 5 بچے پیدا کرنے کی صلاح دی۔
بی جے پی کے شعبہ تجارت کے ریاستی کنوینر ونیت اگروال شاردا نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کے دوران ’ہم دو، ہمارے پانچ‘ کا نعرہ دیا اور یہاں تک کہہ ڈالا کہ اپنے بچوں کو لوہا (ہتھیار) خریدنا اور چلانا سکھائیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دو بچے پیدا کرنے کا اصول نافذ نہیں ہوتا تب تک پانچ بچے پیدا کرنے کا عہد لیں۔ انہوں نے کہا، ’’یا تو ان کے بھی دو، ہمارے بھی دو ہونے چاہئیں یا پھر ہم دو، ہمارے پانچ کا عہد کریں۔‘‘
بی جے پی لیڈر نے پانچ بچوں میں سے ہر ایک کو کس کام پر لگایا جانا چاہئے یہ بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پڑھا لکھا بچہ سیاست میں جائے۔ ایک بچے کو عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے لوہا خریدنا اور چلانا سکھائیے۔ ایک بچے کو فوج میں بھیجیں، ایک بچے کو کاروبار میں لگائیں اور ایک بچے کو آئی اے ایس پی – پی سی ایس بنا کر ملک کی خدمت میں لگائیے۔ ونیت شاردا نے کہا کہ جمہوریت کا آج پاکیزہ دن ہے اور اس دن یا تو ہم دو ہمارے دو یا پھر ہم تین ہمارے تین کا اصول حکومت سب کے لئے بنا دے، یا پھر ہم آج عہد کریں کہ ہم دو ہمارے پانچ پر عمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ راجہ دسرتھ کے چار بیٹے تھے۔ اگر راجہ دسرتھ کے چار بیٹے نہیں ہوتے تو راون کے راج کا اختتام نہیں ہوتا۔ اس لئے مل کو ہم دو ہمارے پانچ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو ’بھارت ماتا‘ پھر روئے گی، پھر زنجیر میں جکڑی جائے گی اور پھر سے دوسرے پاکستان کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ہم بھارت ماتا کو پرنام کرتے ہیں اور ہم دو ہمارے پانچ کے اصول کو سلام کرتے ہیں۔