ریاستوں سےمہاراشٹرا

مجلس العلماء تحریک اسلامی ناگپور کا توسیعی اجلاس

ناگپور: 5/جنوری (پی آر) ڈاکٹر محمد عبدالرشید میڈیا سیکرٹری جماعت اسلامی ہند ناگپور کے مطابق مجلس العلماء تحریک اسلامی ناگپور کا توسیعی اجلاس مرکز اسلامی’ ٹیچرس کالونی’ جعفر نگر میں منعقد ہوا. اس اجلاس میں 17علماء حفاظ و ائمہ کرام نے شرکت فرمائی. اجلاس کی صدارت مولانا محمد رفیق الاکرم رشادی نے فرمائی جبکہ مفتی محمد فاروق قاسمی نائب قاضی دارالقضاء ناگپور مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک رہے.

حافظ مبارک امام مسجد خورشیدیہ کی تلاوت سے جلسے کا آغاز ہوا بعد ازاں حافظ شاکرالاکرم ناظم مجلس العلماء ناگپور نے افتتاحی کلمات پیش کیے. ناظم مجلس نے مجلس کے قیام کی غرض وغایت اور اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء سے تعاون و نصرت کی اپیل کی.
مفتی فاروق صاحب نے اپنے خطاب میں نہایت قیمتی باتیں ارشاد فرمائیں. آپ نے اپنے خطاب میں علماء سے کہا آپ اپنے اندر دعوت و اصلاح کی تڑپ پیدا کریں ہماری تعلیم و تربیت ناسازگار حالات میں ہوئی ہے لہذا حالات کے سازگار ہونے کا انتظار نہ کریں جس حالت میں بھی ہیں امامت وتدریس کی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے دعوت واصلاح کے لیے ہر اچھے کام میں تعاون کے لیے کوشاں وسرگرداں رہیں.

آسودہ حالی کے انتظار میں نہ رہیں کہ بڑے بڑے کام غربت میں انجام پائے ہیں. ٹیوشن میں بچوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کریں. مسئلہ نہ بنیں مسئلوں کا حل بنیں. لوگوں سے سؤال نہ کریں سؤالوں کا جواب بنیں.

صدارتی خطاب میں مولانا محمد رفیق الاکرم صاحب نے ” لا الہ الا اللہ ” کی وضاحت کرتے ہوئے کہا امت اس کے پورے مفہوم سے نا آشنا ہے. امت نے الااللہ کو تو اپنا لیا مگر لا الہ کو قبول نہیں کرسکی اس لیے کہ لا الہ کی وضاحت ہی نہیں کی گئی. چونکہ اس کلمے کی بنیاد پر ہی جنت میں داخلہ ملے گا لہذا میں آپ سے گذارش کرتا ہوں کہ اس پورے کلمے کو پوری وضاحت کے ساتھ امت کے سامنے پیش کریں .

دوسری گذارش یہ کرنی ہے کہ مدرسوں سے فراغت کے بعد ہم علم و مطالعے سے فارغ نہیں ہوجاتے لہذا حصول علم کا سفر جاری رکھیں مطالعہ ترک نہ کریں اس لیے کہ مدرسوں نے ہمیں عالم نہیں بنایا ہے بلکہ یہ سکھایا ہے کہ علم کیسے حاصل کیا جاتا ہے اور اس پر عمل کیسے کیا جاتا ہے
تیسری گذارش یہ ہے کہ اپنا احتساب کریں کہ جو علم اللہ نے ہمیں دیا ہے اس سے خود ہم نے کتنا فائدہ اٹھایا ہے اور دوسروں کو اس سے کیا فائدہ پہنچایا ہے. جس دین نے ہم کو عزت بخشی ہے اور قیادت کا منصب عطا کیا ہے اس دین کی ہم نے کیا خدمت کی ہے اور اعلاء کلمۃ اللہ کے لیے اپنی عمر اور صلاحیت کا کتنا حصہ لگایا ہے. دعوت و اصلاح کا کوئی لگا بندھا ضابطہ نہیں ہے چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے جب جہاں جیسا موقع ملا دعوت واصلاح کا کام کرنا ہے .
کفارۂ مجلس کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا.

مشاورتی جلسے میں باہمی مشورے سے طے ہوا کہ ہر مہینے کے پہلے جمعرات کو ہمارا اجتماع ہوا کرے گا . شرکاء اجلاس کے لیے طعام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا. اس اجلاس کو کامیاب بنانے میں اللہ کی توفیق اور منظور عالم صاحب مؤذن مرکز اسلامی مولانا اسرار احمد صاحب قاسمی امام مرکز اسلامی افتخار احمد صاحب رکن جماعت اسلامی کی نصرت اور جماعت اسلامی ناگپور مغرب و جماعت اسلامی ناگپور نارتھ ویسٹ کا تعاون و اشتراک شامل حال رہا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!