ریاستوں سےکرناٹک

کرناٹک میں 2/ جنوری تک رات کو کرفیو رہے گا: سی ایم کرناٹک

کورونا وائرس کی نئی قسم کے منظر عام پر آنے کے بعد مہاراشٹر کے بعد حکومت کرناٹک نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ آج سے 2 جنوری تک رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا

بنگلورو: کورونا وائرس کی نئی قسم کا انکشاف ہونے کے بعد اس کے ہندوستان میں اثر انداز ہونے سے قبل ہی مختلف ریاستوں میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حکومت کرناٹک نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ دو جنوری تک کے لئے نائٹ کرفیو کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کرفیو کے تحت رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک سب کچھ بند رکھا جائے گا۔

حکومت مہاراشٹر کی طرف سے پہلے ہی بڑے شہروں میں کورونا کی نئی قسم کے خطرے کے پیش نظر نائٹ کرفیو کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ کورونا وائرس کی اس نئی قسم کی برطانیہ میں تشخیص کی گئی ہے، اس کے حوالہ سے اتوار کے روز اطلاع دی گئی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ کورونا کی یہ نئی قسم پہلے وائرس سے 70 فیصد زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے۔

حکومت کرناٹک کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے آنے والے تمام مسافروں کو 72 گھنٹوں کے اندر کووڈ-19 آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے حوالہ سے کہا کہ، ’’کورونا وائرس کی نئی قسم (اسٹرین) کے انکشاف کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج سے 2 جنوری تک رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ریاست میں نائٹ کرفیو نافذ رہے گا۔ میں سب سے تعاون کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔‘‘ تاہم وزیر اعلیٰ نے منگل کے روز ہی کہا تھا کہ ابھی نائٹ کرفیو کی ضرورت نہیں ہے اور لوگوں کو مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے کہا، ’’نائٹ کرفیو برطانیہ میں پائے جانے والے کورونا کے نئے اسٹرین کے پیش نظر نافذ کیا گیا ہے۔ ہم ریاست میں آ رہے بین الاقوامی مسافروں پر بھی نظر رکھ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بین ریاستی سفر پر کوئی روک نہیں ہے۔ ریاست میں یکم جنوری سے 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے طلبا کے لئے اسکول کھل رہے ہیں۔

ان نئی پابندیوں سے کرسمس اور نئے سال کے تہوار پر بڑا اثر پڑے گا۔ ڈاکٹر سدھاکر نے بتایا کہ 23 دسمبر سے 2 جنوری کے درمیان رات 10 بجے کے بعد کسی بھی طرح کے تہوار کو منانے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ اصول ہر طرح کی تقریب پر نافذ العمل ہوں گے۔

مہاراشٹر نے پیر کے روز سے ممبئی سمیت کئی شہروں میں 5 جنوری تک رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ایک دن پہلے کہا تھا کہ وہ نائٹ کرفیو کے خلاف ہیں، تاہم ماہرین اس کی صلاح دے رہے ہیں۔ مہاراشٹر میں کووڈ کے اب تک کل 1902458 معاملے سامنے آئے ہیں، جو ملک میں ریاست وار سب سے زیادہ ہیں۔ اس کے بعد کرناٹک کا نمبر ہے، جہاں اب تک کل 911382 معاملے درج ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!