پارلیمنٹ کاسرمائی اجلاس نہ بلا کر بی جے پی جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے: ایس ڈی پی آئی
نئی دہلی: 17/دسمبر (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں رواں سال پارلیمنٹ میں سرمائی اجلاس نہ بلائے جانے پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ایسا کرکے جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔ مقننہ جمہوریت کا اہم ستون ہے اور پارلیمنٹ کو جمہوریت کے مقدس مقام کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ پارلیمنٹ میں ہی عوام کی آواز بلند کی جاتی ہے اور ملک کے امور پر تبادلہ خیال ہوتا ہے اور ان کا حل نکالا جاتا ہے۔ پارلیمنٹ کے وقتا فوقتا ہونے والے اجلاس اس فرض کی انجام دہی کیلئے ہوتے ہیں۔
ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے بیان میں اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکمران جماعت جو جمہوریت یا اخلاقیات کے بارے میں زیادہ پرجوش نہیں ہے، ملک میں جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔ دارالحکومت میں کسانوں کی مستقل ہڑتال کے بعد بحرانوں میں الجھی مرکزی حکومت پارلیمنٹ مٰں کسانوں کے مسئلے کو اٹھانے اور زیر بحث لانے سے بھاگ رہی ہے۔ اگرچہ انتخابات اور اس سے متعلق مہمات کوویڈ۔19وبائی مرض کی وجہ سے نہ تو ترک کئے گئے ہیں اور نہ ہی محدود کئے گئے تھے۔ پارلیمانی سرمائی اجلاس کو ملتوی کرنے کیلئے وبائی بیماری کا جواز پیش کرنا عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ایک مضحکہ خیز روش کے سوا کچھ نہیں ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سمجھدار لوگ ملک میں سنگھ پریوار فسطائی حکومت کو شکست دینے کیلئے جاگیں گے۔