ہمناآباد میں آئیٹا کے زیر اہتمام یوم اُردو اور یوم قومی تعلیم
ہمناآباد: 4دسمبر (ایس آر) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن ہمناآباد یونٹ کی جانب سے شادان پبلک اسکول میں یوم اُردو اور یوم قومی تعلیم کی تقریب منعقد کی گئی جسکا آغاز مولانا محمد صلاح الدین حقانی امام وخطیب مسجد شیخ مہتاب کی قرآت کلام پاک سے کیا گیا۔سید کلیم الدین مدرس، صدر آئیٹا نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔محمد افتخار احمد سیکریٹری آئیٹا حلقہ کرناٹک نے تنظیم کا تعارف کروایا اور اغراض و مقاصد بیان کیے۔
اس موقع پر حافظ سید کلیم اُللہ پرنسپل ذکریٰ پی یو کالج بسواکلیان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے مولانا ابو الکلام آزاد کی حیات میں انجام دیے ہوئے کارنامے ملت کے لئیے قیمتی اثاثہ ہیں،مولانا کی شخصیت میں بیک وقت مرد مومن کی تمام خوبیاں موجو دتھیں انہوں نے فرمایا تھا کے اگر کوئی فرد صرف اپنی ذات کے لئیے جیتا ہے اور قوم وملت کی کوئی خدمت کا جذبہ نہیں رکھتا ہے تو وہ گویا چلتی پھرتی لاش ہے۔
ڈاکٹر سید اسد اُللہ مجاہد نے علامہ اقبال کی شاعری اور فلسفہ خودی پر روشنی ڈالی اور کہا کے علامہ اقبال کو سمجھنے کے لئیے فلسفہ عشق،فلسفہ یقین،فلسفہ مردمومن،فلسفہ شاہین کو سمجھنا ہو گا۔پروفیسر عبدالحکیم نے علامہ اقبال کی شاعری اسلام کی ترجمانی اور مسجد قرطبہ اور خودی کے حوالے پر بیان کیا۔محمد محبوب پٹیل ہائی اسکول ٹیچرس اسوسی ایشن نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔
محمد سلیم مدرس اور آئیٹا یونٹ کے ذمہ داروں نے سید اسد اُللہ مجاہد کو گلبرگہ یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازے جانے پر انکی شال پوشی وگُلپوشی فرماتے ہوئے انکو تہنیت پیش کی۔اس تقریب کی نظامت محمد مجیب الدین نے کی اورتقریب کا اختتام سید مزمل مدرس کے اظہار تشکر پر عمل میں آیا۔اس موقع پر کثیر تعداد میں اساتذہ کے علاوہ دیگر معزز احباب نے شرکت کرتے ہوئے تقریب کوکامیا ب بنایا۔