جامع مسجد بسواکلیان میں برادران وطن کے لئے سیرت حضرت محمد ؐ پروچن کا اہتمام
حضرت محمدؐ صرف مسلمانوں کے نبی نہیں، ساری انسانیت کے لیے نمونہ ہیں: شیخ ذاکر حیسن صاحب
بسواکلیان: 22/نومبر (ایم آئی) محمدؐ کو آج پوری دنیا جانتی ہے، دنیا کے تمام ممالک میں آپ کو اپنا رسول ماننے والے لوگ موجود ہیں۔ قرآن کے علاوہ بھی کئی مذہبی کتابوں میں آپؐ کا ذکر اور آمد سے متعلق پیشن گوئیاں موجود ہیں۔ آپؐ کی تعلیمات صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ دنیا کے ہر انسان کے لئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب ذاکر حسین چانگلیر صاحب نے جماعت اسلامی ہند بسوا کلیان کی جانب سے چلائی گئی سیرتؐ مہم کے اہم ترین پروگرام کے دوران جامع مسجد بسواکلیان میں مدعو کئے گئے برادران وطن سے مخاطب ہوکر کیا۔
آپؐ خصوصی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے ذاکر صاحب نے زبان کنڑی میں کہا کہ آپؐ نے فرمایا جو اپنے لئے پسند کرو وہی دوسروں کے لئے بھی کرو۔ آپؐ نے یہ بھی کہا کہ کسی ایک کا بھی ناحق قتل یا ظلم ساری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔ دیگر مذہبی کتابوں کے حوالے سے توحید و رسالت کی دعوت دیتے ہوئے ذاکر صاحب نے کہا کہ بھگوت گیتا میں کہا گیا ہیکہ جو شخص مورتی پوجا کرتا ہے وہ میرا بندہ نہیں اور وہ گمراہ ہے۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے اور ان سے دوری بنائے رکھنے کی خاطر برادران وطن کے ذہنوں کو خراب کیا جاتا ہے۔ ایسے ماحول میں ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھکر سوچ و چار کرنا چاہیئے۔آخر میں آپ نے تمام شرکاء کو آپؐ کی سیرت پڑھنے اور غور و فکر کرنے کی دعوت دی۔
قبل ازیں امیر مقامی، جماعت اسلامی ہند، بسواکلیان، جناب کلیم عابد منصوری صاحب نے اسقتبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی وباء کے ماحول میں احتیاتی تدابیر کی وجہ سے بسواکلیان میں ہر سال عظیم الشان پیمانے پر منایا جانے والا سیرت محمدؐ پروچن پروگرام اس سال ملتوی کردیا گیا اور اسی کے سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ایک مختصر پروگرام منعقد کرنا پڑا ہے۔ اس موقع پر برادران وطن سے مخاطب ہوکر کہا کہ قرآن کی تعلیمات، محمدؐ کی تعلیمات اور آپؐ کی سیرت صرف مسلمانوں کے لئے مخصوص نہیں ہے، بلکہ ساری دنیا کے تمام انسان اسکے مخاطب ہیں لہذا برادران وطن اس معاملے میں سنجیدگی سے غور کریں اور آپؐ کی تعلیمات سے واقفیت حاصل کرکے اسے اپنائیں تاکہ انکا جیون اور اسکے بعد کی زندگی کامیاب ہوجائے۔ اسلام اور آپؐ کے بارے میں پھیلائی جارہی غلط فہمیوں کے حوالے سے آپ نے کہا کہ جان بوجھکر دنیا کے سامنے اسلام کے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جاتی ہیں جسے سمجھنے سمجھانے کی ضرورت ہے۔
جناب میر اقبال علی صاحب، سکریٹری مقامی نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الحمد للہ برادران وطن کے ساتھ شہر کی مرکزی جامع مسجد میں مل جل کر بیٹھنے اور تبادلہ خیال کر پانے پر ہم سب اللہ کے شکر گزار ہیں۔