ٹرمپ کوجھٹکا، ذہنی طور پر ہار مان لی، لیکن امیدیں عدالت سے، مشی گن اور جارجیا میں دائر کئے گئے مقدمات بھی خارج
امریکی انتخابات کے لئے جاری ووٹ شمار کے درمیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب ان کی طرف سے دو ریاستوں مشی گن اور جارجیا میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دائر کئے گئے مقدمات عدالت کی طرف سے خارج کر دئے گئے۔ صدر ٹرمپ نے مشی گن اور جارجیا دونوں ریاستوں میں پوسٹل بیلٹ کی گنتی روکنے کی درخواست کی تھی جسے عدالتوں نے نامنظور کر دیا۔
سر قلم کرنے کے بیان پر ٹرمپ کے سابق مشیرکا ٹویٹر نےکیا اکاؤنٹ بند
سخت گیر دائیں بازوں کے سینئر اہلکار اورصدر ٹرمپ کے سابق انتخابی مشیر اسٹیو بینن کو ٹویٹر نے مستقل طور پر معطل کر دیا ہے یعنی ان کا اکاؤنٹ بند کر دیاہے۔ ٹویٹر نے ایسا اس لئے کیا کیونکہ بینن نے کووڈ وبا کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاکی اور ایف بی آئی ڈاریکٹر کرسٹوفر رے کا سر قلم کرنے کا بیان دیا تھا ۔ ٹویٹر نے یہ قدم اس وقت اٹھایا ہے جب امریکہ ہی نہیں پوری دنیاامریکی انتخابات کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے۔واضح رہے بینن نے اپنے یوٹیوب چینل ’بینن وار روم‘ میں یہ متنازعہ بیان دیا تھا ۔
مشکل ہو رہا ٹرمپ کا راستہ، ینواڈا اور ایریزونا میں بائڈن کی سبقت
پنسلوینیا (20 الیکٹورل ووٹ)، جارجیا (16 ووٹ)، نارتھ کورولائنا (15 ووٹ)، ایریزونا (11 ووٹ) اور نیواڈا (6 ووٹ) کے انتخابی نتائج کے بعد امریکی انتخابات کی تصویر پوری طرح صاف ہو جانے کی امیہد ہے۔ فی الحال ڈونلڈ ٹرمپ نارتھ کیرولائنا میں آگے چل رہے ہیں لیکن جارجیا میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ وہیں بائڈن نیواڈا اور ایریزونا میں سبقت بنائے ہوئے ہیں۔
بائڈن امریکہ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنےوالے صدارتی امیدوار
بائڈن ابھی باقائدہ صدر نہیں منتخب ہوئے ہیں لیکن انہوں نےایک تاریخ ضرور رقم کر لی ہے اور وہ تاریخ ہےکہ وہ امریکہ میں سب سےزیادہ ووٹ حاصل کرنے والے صدارتی امیدوار بن گئے ہیں۔ ابھی کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے لیکن انہوں نےیہ تاریخ پہلے ہی رقم کر لی ہے۔ اس کےلئے جہاں بائڈن کی اپنی شخصیت ، براک اوبامہ کا ساتھ ذمہ دار ہے وہیں اس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا بھی بہت اہم کردار ہے۔ امریکی عوام میں ٹرمپ کےخلاف جوغصہ تھااس کی وجہ سے بھی بائڈن کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
بائڈن 300 سے زیادہ الیکٹورل ووٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں
تازہ رجحانات کے مطابق ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جو بائڈن کی کارکردگی بہتر ہو تی جا رہی ہے اور بہت امکان ہیں کہ وہ الیکٹورل ووٹوں کے مطلوبہ ہدف 270 سے کافی آگے نکل جائیں۔ جن ریاستوں کے نتائج ابھی آنے ہیں اور وہاں گنتی جاری ہے وہاں سے ملنے والےرجحانات نے صدر ٹرمپ کی نیند اڑا دی ہےاوریہی وجہ ہے کہ انہوں چند گھنٹے پہلے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی دھاندلی کاالزام لگایا ۔ دنیا کےتمام ممالک میں حزب اختلاف تو حکمراں جماعت پر انتخابی دھاندلی کے الزام لگاتی رہی ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بر سر اقتدار صدر ایسے الزام لگا رہا ہے۔ رجحانات کے مطابق پینسلوینیا، جارجیا،اریزونا اور نویدا کی ریاستوں میں جو بائڈن اب بہت اچھا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرمپ کی بڑھت گھٹ رہی ہےاور کئی ریاستوں میں بائڈن کی بڑھت میں اضافہ ہورہا ہے۔
ٹرمپ نے ذہنی طور پر ہار مان لی، اب تمام امیدیں عدالت سے
امریکہ کی کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہےاور ان تمام ریاستوں میں مقابلہ کانٹےکا ہے لیکن اسی بیچ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کر تے ہوئے واضح کر دیا کہ وہ ان نتائج کو لے کر عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کردیا کہ وہ ان نتائج کو قبول نہیں کرنے والے اورامریکی عوام کو ابھی کئی دن یا ماہ نئے صدر کا نام جاننے سے پہلے عدالتی فیصلوں کا انتظار کرنا پڑےگا ۔ انہوں نے ایک بار پھر کہاکہ وہ کسی کو اپنی جیت چرانے نہیں دیں گے۔صدر کے بیان سےیہ تو واضح ہو رہاہے کہ وہ انتخابات ہار رہےہیں جبھی وہ عدالت سے رجوع کرنے کی بات کررہے ہیں۔ واضح رہے جن ریاستوں میں گنتی جاری ہے وہاں صدر کی پارٹی کی لیڈ کم ہونے لگی ہے اور ڈیموکریٹس کے رہنما آگے آنے لگے ہیں اور یہ سب وہ ریاستیں ہیں جہاں صدر کی پارٹی ریپبلیکن بر سر اقتدار تھی۔