عوام ووٹ کی ویکسین سے نتیش حکومت کو ٹھیک کرے گی: ایم پی پرینکا چترویدی
لوگ اپنا قیمتی ووٹ مستقبل کیلئے کریں نہ کہ نتیش حکومت کے جھوٹے وعدوں کے لئے کیو نکہ کورونا کے وقت وزیراعلیٰ کا چہرہ ریاست کے لوگوں نے اچھی طرح سے دیکھ لیا ہے ۔
شیو سینا کی قومی ترجمان اور راجیہ سبھا رکن پرینکا چترویدی نےکل دو ٹوک الفاظ میں کہا ہےکہ بہار میں نتیش کمار کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت کے جھوٹے وعدے کی وجہ سے ریاست کے لوگ اپنے کنبہ کو چھوڑ کر دوسری ریاستوں میں جانے کیلئے مجبور ہوئے ہیں۔ اس لئے ایسی بڑبولی حکومت کو عوام ووٹ کی ویکسین دے کر ٹھیک کر ے گی ۔
شیو سینا کی راجیہ سبھا میں ڈپٹی لیڈر پرینکا چترویدی نے پارٹی کے ریاستی صدر کوشیلندر شرما اور پارٹی کے بہار معاملوں کے انچارج سنیل چٹنس کی موجودگی میں پریس کانفرنس میں کہاکہ بہار اسمبلی انتخاب سے متعلق اب ماحول پور ی طرح سے گرم ہو گیا ہے ۔
پرینکا چترویدی نے نتیش کمار کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں انتخابی کمیشن کی جانب سے مقررہ رہنماءاصول کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ایسے میں لوگوں کو سختی سے اس کے قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اپنا قیمتی ووٹ مستقبل کیلئے کریں نہ کہ نتیش حکومت کے جھوٹے وعدوں کے لئے کیوں کہ کورونا کے وقت وزیراعلیٰ مسٹر کمار کا چہرہ ریاست کے لوگوں نے اچھی طرح سے دیکھ لیا ہے ۔