خبریںقومی

انڈیا TV، رجت شرما پر ملک بھر میں FIR درج کرانے کا راشٹریہ مسلم مورچہ نے کیا اعلان

بنگلورو: 18/اکٹوبر(پریس ریلیز) ہاتھرس عصمت دری کے واقعہ کے بعداترپردیش حکومت کی بدنامی پورے ملک و دنیا بھر میں ہورہی ہے۔حکومت اس بدنامی پر پردہ ڈالنے نت نئے طریقہ استعمال کررہی ہے۔اس سوزناک واقعہ سے عوام کا دھیان ہٹانے اترپردیش حکومت ایک اور نئے ہتھکنڈے کو فروغ دے رہی ہے۔ گزشتہ دنوں انڈیا ٹی وی کے رجت شرما کے ذریعہ ایک خبر نشر کی گئی جس میں منصوبہ بند طریقہ سے ہاتھرس واقعہ سے عوام کا دھیان بھٹکانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔

خبر کے مطابق ملک بھر میں بالخصوص اترپردیش میں فساد برپا کرنے بیرون ممالک سے پیسہ موصول کیا جارہا ہے۔اس پیسہ کو فساد کے علاوہ ملک مخالف سرگرمیوں میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔اتنا ہی نہیں اس خبر کو نشر کرتے وقت انڈیا ٹی وی نے راشٹریہ مسلم مورچہ کے قومی صدر مولانا عبدالحمید ازہری اور اتر پردیش کے ریاستی صدرکی تصویریں دکھائی۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اترپردیش حکومت ہاتھرس عصمت دری کے واقعہ کو ایک الگ رخ دینا چاہ رہی ہے اور اس کی آڑ میں راشٹریہ مسلم مورچہ کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کررہی ہے۔

اس ضمن میں بہوجن کرانتی مورچہ کے کنوینر وامن میشرام نے اس کی کڑی لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ ایک فوری پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش حکومت اپنی بدنامی کو چھپانے راشٹریہ مسلم مورچہ کو نشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس سے حکومتی سازش کے بارے میں صاف معلوم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہوجن کرانتی مورچہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ رجت شرما کے ذریعہ چلائے گئے انڈیا ٹی وی کے خلاف ہتک عزت کا معاملہ درج کرے گی۔

جہاں جہاں یہ خبریں نشرہوئی ہیں وہاں یہ معاملات درج کئے جائیں گے اور مختلف جگہوں سے ان کے خلاف ایف آئی آر رجسٹر کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔اس سلسلہ میں راشٹریہ مسلم مورچہ کے بنگلور صدر مفتی عزیر احمد قاسمی نے بتایا کہ شہر بنگلور میں بھی رجت شرما کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!