تازہ خبریں

’ہندوستانی فضائیہ ہر صورتحال اور چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار‘

ایئرچیف مارشل بھدوریا نے فضائیہ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے خود کو ایسی قوت میں تبدیل کرنا ہوگا جو ہر طرح کے چیلنجوں سے مقابلہ کر سکے۔

غازی آباد: فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے آج ملک کو یقین دلایا کہ ایئر فورس دن رات ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع کرنے اور کسی بھی صورتحال سے مضبوطی سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ ایئرچیف مارشل بھدوریا نے یہاں ایئر فورس کے 88 ویں یوم تاسیس کے موقع پر فضائیہ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے خود کو ایک ایسی قوت میں تبدیل کرنا ہوگا جو ہر طرح کے چیلنجوں سے مقابلہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پڑوسی ممالک کی بڑھتی ہوئی خواہشات سے پیدا ہونے والے خطرے اور چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایئرفورس پوری طرح تیار ہے اور گزشتہ دنوں ضرورت پڑنے پر فورس نے فوری ضروری کارروائی کرکے اپنی صلاحیت و کارکردگی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ فضائیہ ہر صورتحال اور چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ایئر فورس ہر طرح سے مضبوط ہو اور چیلینجز کی آزمائش کا مقابلہ کرے نیز یہ خود کفیل ہندوستان کے لئے بھی ضروری ہے۔ ان کے خطاب کے بعد ایئر فورس کے مختلف طیاروں نے کرتب بازی اور اپنی طاقت کے جوہر کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف بھی موجود تھے۔ قبل ازیں صدر اور وزیر اعظم نے ایئر فورس کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو ایئر فورس ڈے پر مبارکباد پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!