ضلع بیدر سے

بیدر میں رفاہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے مسلم تجار و صنعت کاروں کا اہم اجلاس

بیدر: 24/ستمبر(اے این این) رفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شہر کے بیدر گیٹ وے ہوٹل میں مسلم تجار، صنعتکاروں اور بر آمدکنندگان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بیدر کے تقریباََ 150 سے زائد مسلم تاجروں نے شرکت کی۔ محمد رفیق احمد نے افتتاحی واستقبالیہ کلمات میں اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

رفاہ کے جنرل سکریٹری و مہمان خصوصی مرزا افضل بیگ نے مسلمان تاجروں کے لئے رہنما اصول پیش کئے اور بتایا کہ کس طرح مسلمان تاجر اپنی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بہترین تجارت اور صنعتکاری کے ذریعہ سماجی خدمات انجام دی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی نئی صنعت کاری یا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہے تو کن امور پر خاص توجہ دینی چاہئے،کم لاگت میں بہترین صنعت کی تیاری کیسے ممکن ہے،تجارت کا دائرہ وسیع کس طرح کیاجائے۔ وغیرہ کے متعلق اہم جانکاریاں دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ضرورت ہے کہ مسلمان اپنی تجارت کو بہترین انداز میں منظم و مستحکم کریں اور اس کے ذریعہ سماج پر مثبت اثرڈالیں۔رفاہ نے اپنا آغاز بہت سارے شعبہ جات جیسے اسٹارٹ اپ، اسکیل اپ، مالیات اور بیرونی تجارت وغیرہ سے کیا ہے تاکہ جو مسلمان اپنی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں وہ اس سے مستفید ہوسکیں۔رفاہ نے کام کے متلاشی افراد کے لئے rifahjobs.comپورٹل بنایا ہے جہاں اپنا رجسٹریشن کرواکر مختلف نوکریاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ تجارت کے فروغ کے لئے rifahmart.comنامی ایک پورٹل ہے جہاں تاجر اپنی مکمل تفصیلات جمع کرواسکتے ہیں ا ور دیگر تاجروں اور صنعت کاروں کے متعلق اہم معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے ذریعہ وہ اپنی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر محمد انیس نے نئی صنعت و کاروبار کو شروع کرنے کے متعلق گفتگو کی۔انہوں نے مسلم نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم نوجوان صنعتی شعبوں کے رجحانات اور برانڈنگ کے متعلق تازہ جانکاریاں حاصل کرتے رہیں تاکہ وہ ایک کامیاب تاجر بن سکیں۔ بعدازاں سوالات و جوابات کے سیشن کا آغاز ہوا جس میں کئی تاجروں نے تجارت وکاروبار میں حائل مختلف مسائل پر سوالات اٹھائے۔ رفاہ کے نمائندوں نے ان مسائل پر بھی سیر حاصل بحث کی۔

جماعتِ اسلامی ہند کرناٹک کے معاون امیر حلقہ محمد یوسف کنی نے کہا کہ ہمارے لئے حضور اکرم ؐ کا اسوہ بہترین نمونہ ہے۔ نبوت سے پہلے ہی حضور اکرم ؐ نے تجارت وکاروبار کے سلسلہ میں ایسی مثالیں پیش کیں کہ انہیں امین و صادق کے لقب سے نوازا گیا۔جب آپ ؐ مدینہ ہجرت کرگئے تو پہلے مسجد بنائی پھر مدینہ کا بازار قائم کیا۔اتنا ہی نہیں انہوں نے صحابہ کو اس بازار میں تجارت کرنے پر ابھارا اور مدینہ کے بازار میں تجارت کرنے کو ثواب کا ذریعہ بھی بتایا۔انہوں نے مختلف شعبوں میں مسلمانوں کی زبوں حالی کے متعلق اہم اعداد وشمار پیش کئے اور مسلمانوں کے تجارتی مسائل کے حل پر گفتگو کی۔

واضح رہے رفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک ایسا فعال و سرگرم ادارہ ہے جو اقتصادی نظام کی تعمیر نو کی کوشش کررہا ہے۔اس کا اصل مقصدملک کے اقتصادی خلاء کو پر کرنا ہے۔جماعت اسلامی ہند کے ماتحت چلنے والے اس ادارہ کی شروعات سال 2015ء میں ریاست مہاراشٹرا سے ہوئی۔ بعد ازاں اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اسے مرکزی حیثیت دی گئی اور اب یہ 17/ ریاستوں میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ادارہ کے ذریعہ مسلم تاجروں کو پیش آنے والے مختلف مسائل کا حل پیش کیا جاتا ہے اور نئی صنعت و تجارت کو شروع کرنے کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی جاتی ہے۔مسلم تاجروں کی رہنمائی اور بیداری کے لئے شہر بیدر میں ضلعی سطح پر یہ اجلاس کا منعقد کیا گیا۔

اجلاس کا آغاز جناب محمد صاحب کلیم اللہ صاحب کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا، جبکہ محمد نظام الدین امیر مقامی جماعتِ اسلامی ہند، شہر بیدر کے اظہارِ تشکر و دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔ اسٹیج پر وزیر احمد سیٹھ، جناب محمد اکرم علی صاحب ناظم ضلع، محمد نظام الدین صاحب امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اجلاس کی کاروائی جناب محمد وقار الدین صاحب نے چلائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!