ایم ایل اے بی نارائن راؤ کے انتقال پر اروندکمارارلی MLCنے اظہار تعزیت کیا
بیدر: 24/ستمبر (وائی آر) کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی بسواکلیان مسٹر بی نارائن راؤ کے کورونامرض میں انتقال پر اپنے گہرے دکھ کااظہار کرتے ہوئے کانگریس کے رکن قانون سازکونسل مسٹر اروندکمارارلی نے کہاکہ بی نارائن راؤ ایسے لیڈر تھے جنہوں نے کافی محنت کے بعد رکن اسمبلی کے مقام تک پہنچنے کاکامیاب سفر کیاتھا۔جس وقت وہ دیوے گوڈا کی پارٹی جنتادل میں تھے تب ان کے لئے کافی مواقع تھے لیکن انھوں نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا، اس کو چھوڑ کر کانگریس میں آگئے۔ اسی طرح بیدر تعلقہ کو چھوڑ کر بسواکلیان کو اپنی کرم بھومی بنائی اور آخرکار ڈھائی سال قبل وہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان کی یہ کامیابی بہت بڑی کامیابی تھی۔ لیکن جو کام انہوں نے کئے وہ کام بھی یادرکھے جانے لائق ہیں، انھوں نے کُرباکمیونٹی کو Extreme Line میں لانے کاکام کیا۔ حکومت سے ان کاحق دلوایا۔ لیکن خود ذات کے اعتبارسے کولی (کبلیگا) تھے۔ لیکن کربا کمیونٹی کی قیادت کی۔
اروندکمارارلی نے مزیدبتایاکہ بی نارائن راؤ انتہائی محنتی اور غریبوں کے لئے مرمٹنے والے لیڈر تھے۔ لاک ڈاؤن میں انہوں نے اپنی جان کوجوکھم میں ڈال کر اپنی رقم سے غریبوں میں مفت راشن تقسیم کرتے ہوئے اپنی جان گنوائی۔اتنی محنت اور غریبوں کااحساس کرنے والے لیڈر کو سیاست میں ہونا چاہیے تھا لیکن بھگوان نے انہیں اپنے پاس بلالیا۔ کل میں بنگلور کے منی پال اسپتال ان کی عیادت کے لئے گیاتھا۔ ان کے فرزند اور ڈاکٹروں سے بات ہوئی۔ لیکن آج ان کے انتقال کی اطلاع آگئی جس نے غم زدہ کردیا۔ اسمبلی سیشن بھی کل تک کے لئے ملتوی کردیاگیاہے۔ میری دعا ہے کہ بھگوان ان کی آتماکوشانتی دے اور ان کے بچوں اور اہلیہ کو ہمت دے کہ وہ یہ غم سنبھال سکیں۔