دیکھنا تقریر کی لذّت کہ جو اُس نے کہا…
ساجد محمود شیخ، پوجا نگر ،میراروڈ،
مکرمی!
ترنمول کانگریس کی رُکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا کی گزشتہ سنیچر کو پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر پر سوشل میڈیا میں زبردست پزیرائی ہورہی ہے۔ اپنی تقریر میں انھوں نے پی ایم کیئر فنڈ پر تنقید کرتے ہوئے اُسے عوامی مفاد کے خلاف قرار دیا ہے۔ کیونکہ مذکورہ فنڈ پارلیمنٹ کو جوابدہ نہیں ہے ۔ ہم محترمہ کی تائید کرتے ہیں۔ پی ایم کیئر فنڈ کا پارلیمنٹ کو جوابدہ ہونا ضروری ہے بصورتِ دیگر مالی خُرد بُرد اور سیاسی استحصال کے امکانات ہوتے ہیں ۔ شفافیت کے لئے ضروری ہے کہ ہر مالی ادارہ پارلیمنٹ کو جوابدہ ہونا چاہیئے۔ محترمہ مہوا موئترا کی عام ہندوستانیوں کے خیالات اور جذبات کی ترجمانی کرتی ہے ۔
انھوں نے عوامی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے ۔ہندوستانی جمہوریت کی بقاء کے لئے ایسے ہی بیباک و نڈر اراکینِ پارلیمان کی ضرورت ہے ۔ہم انھیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح عوامی مسائل کو اٹھاتی رہیں گی اور حکومت کے غلط اقدامات پر کھل کر تنقید کرتی رہیں گی ۔