زرعی قوانین: حکومت اپنی انا اور کسان اپنی بقاء کا مسئلہ سمجھ لیا!
ایم ودود ساجد
ویب پورٹلس اور اخبارات کی رپورٹس پڑھنے اور چینلوں پر رپورٹرس کی وژول رپورٹس دیکھنے سے لگتا ہے کہ حکومت کسانوں سے زیادہ اور کسان حکومت سے زیادہ تیاریوں میں مصروف ہیں ۔۔جب آپ پولیس کی جارحانہ بندشوں کو دیکھتے ہیں تو لگتا ہے کہ کسان جلد ہی کچل دئے جائیں گے۔۔۔ جب آپ ملک بھر کے کسانوں کا والہانہ جوش دیکھتے ہیں تو لگتا ہے کہ حکومت کی کوششیں دھری رہ جائیں گی۔۔ 6 فروری کے بھارت بند میں کیا ہوگا۔۔۔
کسان اپنی تیاریاں کر رہے ہیں اور حکومت اپنی۔۔۔ حکومت سے کسانوں کا مطالبہ ہے کہ وہ زراعت سے متعلق تینوں قوانین واپس لے لے۔۔ جبکہ کسانوں سے حکومت کا مطالبہ ہے کہ وہ ان قوانین میں ترمیم پر راضی ہوجائیں ۔۔۔ دونوں فریق اپنی ضد پر اڑے ہوئے ہیں ۔۔۔ کوئی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ۔۔ پیچھے ہٹنے کو حکومت اپنی انا کا اور کسان اپنی بقاء کا مسئلہ سمجھ رہے ہیں ۔۔
کسانوں کے پاس محض افرادی قوت ہے جبکہ حکومت کے پاس کئی طاقتیں ہیں ۔۔ غازی پور’ ٹیکری بارڈر اور سنگھو بارڈر پر حال یہ ہے کہ پینے کو چھوڑئے مظاہرین کے پاس اب بیت الخلاء میں استعمال کیلئے بھی پانی میسر نہیں ہے۔۔ یقین نہ آئے تو این ڈی ٹی وی کے اُن رپورٹروں کی رپورٹس دیکھ لیجئے جو ساڑھے تین کلومیٹر کا پا پیادہ سفر کرکے ہانپتے کانپتے رپورٹس بھیج رہے ہیں ۔۔
اب کسان اور حکومت آمنے سامنے ہیں۔۔ وزیراعظم کے یہ کہنے کے باوجود کہ کسانوں اور حکومت کے درمیان صرف ایک فون کال کا فاصلہ ہے’ حکومت جابرانہ فاصلے بڑھاتی جارہی ہے۔۔ راکیش ٹکیت کے روپڑنے کے بعد تحریک کے باقی 39 لیڈر پس منظر میں چلے گئے ہیں ۔۔۔ یہاں تک کہ تحریک کے سب سے پڑھے لکھے اور سب سے قابل لیڈر یوگیندر یادو تک غیر موزوں سے ہوگئے ہیں ۔۔۔
راکیش ٹکیت سے بہت سے واقعات وابستہ ہیں ۔۔ تازہ یہ ہے کہ وہ ایک طرف جہاں مظفر نگر کے مسلم مخالف فسادات میں ملوث رہے ہیں وہیں دوسری طرف مغربی اترپردیش میں چودھری چرن سنگھ کے وارث کی شرمناک شکست اور بی جے پی کی بے مثال کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کرچکے ہیں ۔۔ یعنی وہ بی جے پی کے دشمن نہیں ہیں ۔۔۔
اس کے باوجود آج وہ اور حکومت/ کسان اور بی جے پی ایک دوسرے کے سامنے دشمنوں کی طرح ڈٹے کھڑے ہیں ۔۔ الله کا نظام بھی کمال کا ہے۔۔ قرآن کریم کی محض دو آیات ہی سنت الہی کی لازوال تفسیر ہیں ۔۔۔ وتلک الایام نداولہا بین الناس۔۔۔ اور ہم اِن دنوں کو لوگوں کے درمیان گھماتے پھراتے رہتے ہیں ۔۔۔ ومکروا ومکر الله – والله خیر الماکرین۔۔۔ اور وہ بھی تیاری کرتے ہیں اور الله بھی تیاری کرتا ہے۔ اور الله ہی بہترین تیاری کرنے والا ہے۔۔۔