بیدر: الامین ایجوکیشنل کیمپس میں الامین فاؤنڈرس ڈے کا انعقاد
سید محبوب علی، احمد سیٹھ، مبشرسندھے، آصف الدین اور سید نورالاسلام وغیرہ کی شرکت
بیدر: 22/ستمبر (پریس ریلیز) بابائے تعلیم، محسنِ ملت ڈاکٹر ممتاز احمد خان کایوم پیدائش بہ عنوان ”فاونڈرس ڈے“ الامین ایجوکیشنل کیمپس بیدر میں شاندارپیمانے پرمنایاگیا۔ ساتھ ہی کوویڈ۔ 19کا لحاظ کرتے ہوئے، سینی ٹائزر اور ماسک کیساتھ سوشیل ڈسٹنس کو بھی ملحوظ رکھاگیا۔ فاونڈرس ڈے ہر سال 6ستمبر کو الامین کے بنگلور کیمپس میں نہایت ہی تزک واحتشام کے ساتھ منایاجاتاہے۔ کوویڈ۔ 19کے سبب امسال منسوخ کرتے ہوئے علامتی طورپر منایاگیا۔ فاونڈرس ڈے بنگلور میں منعقد نہ ہونے پر ڈاکٹر سبحان شریف بنگلور اعزازی سکریڑی کی ہدایت پر بیدر ضلع کے ہمناآباد، چٹگوپہ، منااکھیلی اور ہلی کھیڑ (بی) میں منایاگیا۔ اس کی آخری کڑی کے طورپر بیدر شہر کے الامین کیمپس میں بھی فاونڈرس ڈے کاشاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا۔
اس تقریب میں بیدر ضلع کی الامین برانچس کے تمام عہدیداران بالخصوص سید نورالاسلام، محمد ریاض الدین، حکیم محمد شریف، محمدحنیف، سید عبدالغفور، سید محسن علی، سید فہیم الدین کے علاوہ بیدر شہر کے الامین اداروں کے صدور ومعلمین، پرنسپل، اساتذہ ومعلمات وغیرہ نے شرکت کی۔ فاونڈرس ڈے کے مبارک ومسعود موقع پر سید محبو ب علی جوائنٹ سکریڑی الامین سوسائٹی بنگلور، احمد سیٹھ سکریڑی بیدربرانچ، محمد آصف الدین سکریڑی وزڈم پی یوکالج اور سید نورالاسلام اور مبشرسندھے انجینئر خازن کو ان حضرات کی نمایاں خدمات پر شالپوشی، گلپوشی سے تہنیت پیش کی گئی۔ اس فاونڈرس ڈے کے موقع پر 12معلمین ومعلمات جو وظیفہ پرسبکدوش ہوچکے ہیں، ان کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے شال اور گلپوشی سے تہنیت پیش کرکے ڈیوٹی سے سبکدوش کیاگیا۔ساتھ ہی پانچ اسکولوں کے ٹیچرز کو اپنے اپنے اسکولوں میں بہترین خدمات دینے پر ان کو بھی شال اور گلپوشی کرکے اعزاز سے نوازاگیا۔
تقریب کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔حمد اور نعت شریف کا نذرانہ پیش کیاگیا۔ محمد آصف الدین نے ڈاکٹرممتاز احمد خان کی خدمات کو پیش نظر رکھ کر الامین کے انتظامیہ اور اساتذہ کرام سے پرزور گذارش کی کہ وہ اس الامین تحریک کو مستحکم کرنے ڈاکٹر ممتاز احمد خان کی راہ پر چلیں۔ سید محبوب علی جوائنٹ سکریڑی الامین سوسائٹی بنگلور اور صدر الامین سوسائٹی ڈسٹرکٹ کمیٹی بیدر نے تفصیلی طورپر ڈاکٹر صاحب کی پیدائش، تعلیم، اور ڈاکٹری کے پیشہ سے وابستگی کو پیش کیا۔ اور کہاکہ اس وقت کے مسلمانوں کے معاشی، تعلیمی پسماندگی کودیکھ کر ڈاکٹر ی پیشہ ترک کرکے 1966عیسوی میں الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے ذریعہ تعلیمی اداروں کاآغازکیا۔ اور اب تک ہندوستان بھر میں ڈ ھائی سوسے زیادہ الامین کے تعلیمی ادارے اپنے ہزاروں ملازمین کے ساتھ کام کررہے ہیں۔
جناب احمد سیٹھ سکریڑی الامین مقامی و ضلع کمیٹی بید رنے اپنے صدارتی خطاب میں الامین کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو مشغول کرنے کاوعدہ کیا۔ اپنے خطاب میں تمام حاضرین کی شرکت کیلئے شکریہ اداکیا۔ فونڈرس ڈے کے مبارک وخوشی کے موقع پر شرنپا مٹور ایم ایل سی کے بجٹ سے سیدنورالاسلام کی کوششوں سے سیدنورالاسلام کے ہاتھوں اس کاافتتاح کیاگیا۔ اس شاندار پروگرام کے روحِ رواں عبدالسلام مبشرسندھے خازن الامین برانچ بیدر رہے۔ ان ہی کی دلچسپی اور لگاتار محنت سے اس شاندارپروگرام کو کامیابی ملی۔ تقریب کی نظامت مبشرسندھے نے کی۔ بعداختتام جلسہ مہمانوں کے لئے ضیافت کااہتمام کیاگیا۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ الامین ڈسٹرکٹ کمیٹی بید رنے دی ہے۔