کرناٹک کے اضلاع سےکرناٹک کے دیگر اضلاع سے

ہبلی: رفاہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے مسلم تجار و صنعت کاروں کا اہم اجلاس

ہبلی: 23/ستمبر(ایس ایم) رفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شہر کے میٹروپولس ہوٹل میں مسلم تجار، صنعتکاروں اور بر آمدکنندگان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کے تقریباََ 150/ مسلم تاجروں نے شرکت کی۔ یہ ایک فعال و سرگرم ادارہ ہے جو اقتصادی نظام کی تعمیر نو کی کوشش کررہا ہے۔اس کا اصل مقصدملک کے اقتصادی خلاء کو پر کرنا ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے ماتحت چلنے والے اس ادارہ کی شروعات سال 2015ء میں ریاست مہاراشٹرا سے ہوئی۔ بعد ازاں اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اسے مرکزی حیثیت دی گئی اور اب یہ 17/ ریاستوں میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ادارہ کے ذریعہ مسلم تاجروں کو پیش آنے والے مختلف مسائل کا حل پیش کیا جاتا ہے اور نئی صنعت و تجارت کو شروع کرنے کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی جاتی ہے۔مسلم تاجروں کی رہنمائی اور بیداری کے لئے شہر میں اس اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ رفیق احمد نے افتتاحی کلمات میں اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بہترین اقتصادیات وسماجی سدھار کے لئے ایسے اجلاس کو ناگزیر قراردیا۔

رفاہ کے جنرل سکریٹری و مہمان خصوصی مرزا افضل بیگ نے مسلمان تاجروں کے لئے رہنما اصول پیش کئے اور بتایا کہ کس طرح مسلمان تاجر اپنی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بہترین تجارت اور صنعتکاری کے ذریعہ سماجی خدمات انجام دی جاسکتی ہیں۔خیال رہے مرزا افضل بیگ اس موضوع پر بیسیوں سمینار اور بزنس سمٹ کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی نئی صنعت کاری یا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہے تو کن امور پر خاص توجہ دینی چاہئے،کم لاگت میں بہترین صنعت کی تیاری کیسے ممکن ہے،تجارت کا دائرہ وسیع کس طرح کیاجائے۔ وغیرہ کے متعلق اہم جانکاریاں دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے شک ماضی میں ہر شعبہ جات میں مسلمانوں نے اہم کردار ادا اور بہترین مثالیں پیش کی ہیں جس پر ہمیں فخر و ناز ہے۔ لیکن صرف ان کے قصیدے پڑھنے سے ہمارا مستقبل روشن و تابناک نہیں ہوسکتا۔آج ضرورت ہے کہ مسلمان اپنی تجارت کو بہترین انداز میں منظم و مستحکم کریں اور اس کے ذریعہ سماج پر مثبت اثرڈالیں۔رفاہ نے اپنا آغاز بہت سارے شعبہ جات جیسے اسٹارٹ اپ، اسکیل اپ، مالیات اور بیرونی تجارت وغیرہ سے کیا ہے تاکہ جو مسلمان اپنی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں وہ اس سے مستفید ہوسکیں۔رفاہ نے کام کے متلاشی افراد کے لئے rifahjobs.comپورٹل بنایا ہے جہاں اپنا رجسٹریشن کرواکر مختلف نوکریاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ تجارت کے فروغ کے لئے rifahmart.comنامی ایک پورٹل ہے جہاں تاجر اپنی مکمل تفصیلات جمع کرواسکتے ہیں ا ور دیگر تاجروں اور صنعت کاروں کے متعلق اہم معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے ذریعہ وہ اپنی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر محمد انیس نے نئی صنعت و کاروبار کو شروع کرنے کے متعلق گفتگو کی۔انہوں نے مسلم نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم نوجوان صنعتی شعبوں کے رجحانات اور برانڈنگ کے متعلق تازہ جانکاریاں حاصل کرتے رہیں تاکہ وہ ایک کامیاب تاجر بن سکیں۔

بعدازاں سوالات و جوابات کے سیشن کا آغاز ہوا جس میں کئی مسلم تاجروں نے تجارت وکاروبار میں حائل مختلف مسائل پر سوالات اٹھائے۔ رفاہ کے نمائندوں نے ان مسائل پر بھی سیر حاصل بحث کی۔جماعت ِ اسلامی ہند کرناٹک کے معاون امیرحلقہ محمد یوسف کنی نے کہا کہ ہمارے لئے حضور اکرم ؐ کا اسوہ بہترین نمونہ ہے۔ نبوت سے پہلے ہی حضور اکرم ؐ نے تجارت وکاروبار کے سلسلہ میں ایسی مثالیں پیش کیں کہ انہیں امین و صادق کے لقب سے نوازا گیا۔جب آپ ؐ مدینہ ہجرت کرگئے تو پہلے مسجد بنائی پھر مدینہ کا بازار قائم کیا۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے صحابہ کو اس بازار میں تجارت کرنے پر ابھارا اور مدینہ کے بازار میں تجارت کرنے کو ثواب کا ذریعہ بھی بتایا۔انہوں نے مختلف شعبوں میں مسلمانوں کی زبو حالی کے متعلق اہم اعداد وشمار پیش کئے اور مسلمانوں کے تجارتی مسائل کے حل پر گفتگو کی۔رسم شکریہ و دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!