جے ای ای-نیٹ امتحان کے خلاف طلبا سراپا احتجاج، ممتا اور اویسی نے بھی کیا منسوخی کا مطالبہ
کورونا وائرس کی وبا کے دور میں طلبا سمیت کئی سیاسی لیڈران یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جے ای ای اور این ای ای ٹی کے امتحان کو منسوخ کر دیا جائے، ممتا اور اویسی نے بھی حکومت سے یہی مطالبہ کیا ہے
نئی دہلی: جے ای ای اور این ای ای ٹی (نیٹ) کے امتحان کو منسوخ کرانے کا مطلابہ ہر روز طول پکڑ رہا ہے۔ طلبا کا کہنا ہے کہ کورونا کے دور میں امتحان میں بیٹھنا ان کے لئے مناسب نہیں ہے وہیں والدین اور حزب اختلاف کی جماعتیں بھی اس کے خلاف لگاتار آواز اٹھا رہی ہیں۔ ممتا بنرجی اور اسد الدین اویسی نے بھی امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رے کہ جے ای ای مینز اور نیٹ کے امتحان میں اب ایک مہینے سے بھی کم وقت بچا ہوا ہے اور سپریم کورٹ نے بھی ان امتحانان کو کرانے کی اجازت فراہم کر دی ہے، تاہم اس کے بعد بھی امتحانات کے خلاف لگاتار احتجاج ہو رہا ہے۔ ایک طلبا تنظیم کی کال پر اتوار کے روز 4 ہزار سے زیادہ افراد نے بھوک ہڑتال بھی کی۔
بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی بھی ان لیڈران میں شامل ہو گئی ہیں جو جے ای ای اور نیٹ کے امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیا، ’‘وزیر اعظم نریندر مودی جی کے ساتھ ہوئی ہماری گزشتہ ویڈیو کانفرنس میں میں نے ستمبر کے آخر تک یونیورسٹیوں/کالجوں میں لازمی طور پر امتحانات کرانے سے متعلق یو جی سے کے نوٹیفکیشن پر کھل کر اپنی بات رکھی تھی۔ ان امتحانات کے سبب طلبا کی جان خطرے میں پڑنے کے کامل امکانات ہیں۔‘
ادھر، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی کورونا وبا کے سبب امتحانات مؤخر کئے جانے کی گزارش کی ہے۔ اویسی نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’ملک کے طلبا اس سے بھی بھیانک دور کے لئے خود کو تیار رکھیں کیوں کہ حکومت سے غیر جانبداری کی امید بےمعنی ہوگی۔‘‘
اس سے قبل رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے بھی ستمبر میں جے ای ای مینز 2020 اور نیٹ 2020 کے امتحان کے حوالہ سے صحت اور حفاظت کے مسئلہ پر وزیر تعلیم کو خط لکھا تھا۔
وہیں، بہار میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے بھی جے ای ای مینز اور نیٹ کے امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے بیچ امتحان کروانا مہنگا ثابت ہوسکتا ہے۔
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے بھی اتوار کے روز وزیر اعظم مودی کے ‘من کی بات’ پروگرام پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت سے طلباء کے ’من کی بات‘ سنتے ہوئے جے ای ای اور نیٹ امتحانات مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ راہل گاندھی نے کہا، ’’آج ہمارے لاکھوں طلبا حکومت سے کچھ کہہ رہے ہیں۔ جے ای ای، نیٹ امتحان پر انہیں سنا جانا چاہئے اور حکومت کو ایک بامقصد حل تلاش کرنا چاہئے۔‘‘
اس کے علاوہ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بھی انجینئرنگ اور میڈیکل سے متعلق ان داخلہ امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔