ضلع بیدر سے

محمد ندیم الدین اور محمد قمرالدین خان کو مبارکباد

جمعیت اہل حدیث: شاہ حامد محی الدین قادری، سیّد شاہ محب اللہ حسینی بندہ نوازی المعرف زبیر حسینی نے پیش کی تہنیت

بیدر: 6/ا گسٹ (اے ایس ایم) شاہ حامد محی الدین قادری الملتانی معتمد عمومی جمعیت اہل حدیث بیدراور سیّد شاہ محب اللہ حسینی بندہ نوازی المعرف زبیر حسینی نے اپنے تہنیتی بیان میں بتایا ہے کہ قدیم شہر بیدر کے باشندگان کے لیے نہایت ہی فخر وانبساط کی بات ہے کہ قلب شہر بیدر کے دو مسلم نوجوان محمد ندیم الدین اور محمد قمر الدین خان نے یو پی ایس سی میں ملک گیر سطح پر 461اور 511واں رینک حاصل کرکے نہ صرف ضلع بیدر کا نام روشن کیا ہے بلکہ پور ے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ اس سے معلوم ہوتاہے کہ مسلمانوں میں تعلیمی شعور بیدار ہورہا ہے کہ ہمارا علاقہ حیدر آباد کرناٹک کو لوگ تعلیمی پسماندہ علاقہ تصورکرتے تھے۔

ان قابل نوجوانوں نے ثابت کردیا کہ اب یہاں سے تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ہوگا۔ ان نوجوانوں کی نمایاں کامیابی سے نئی نسل کو ترغیب کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے یوپی ایس سی کامیاب نوجوانوں اور ان کے والدین و سرپرستوں کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد دیتے ہوئے اپنی نیک تمنائیں وابستہ کیں۔

جمعیت علماء بیدر: مفتی غلام یزدانی، مولانا تصدق ندوی نے پیش کی تہنیت

بیدر: (اے ایس ایم) اہلیان بیدر کے لئے نہایت مسرت وانبساط کی بات ہے کہ دو مسلم نوجوان محمدندیم الدین اور محمد قمرالدین نے یوپی ایس سی میں ملک گیر سطح پر بالتربیب 461 اور511 نشانات پررینک حاصل کر کے ضلع بیدر کا نام روشن کیا ہے،جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی اہلیان بیدر میں مسرت کی لہر دوڑ گئی،ان کے علاوہ ایک تیسرا نوجوان سید زاہد علی جسکا تعلق بلاری سے ہے،گویا کہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے تین مسلم نوجوانوں نے یوپی یس سی کے مقابلاتی امتحانات میں اپنا شاندار مستقبل روشن کیا اور دیگر نوجوانوں کے لئے بھی ایک مثال قائم کی،ہمارے لئے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے،اس سے معلوم ہوتا ہے مسلمانوں میں تعلیمی شعور بیدار ہورہا ہے۔

ہماراعلاقہ حیدرآباد کرناٹک کو لوگ تعلیمی پسماندگی کا علاقہ تصور کرتے تھے ان نوجوانوں نے ثابت کردیا کہ اب یہاں سے تعلیمی پسماندگی ختم ہورہی ہے،ان نوجوانوں کی کامیابی گویا پورے علاقہ کی کامیابی ہے،اس پُرمسرت موقع پر محمدندیم الدین انکے والد نعیم الدین اورمحمدقمرالدین انکے والد فیروز الدین اور انکے ناناجان سابق رکن اسمبلی جناب لئیق الدین ایڈوکیٹ کو دل کی گہرایؤں سے جمعیت علماء بیدر کے ذمہ داران مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر،مولانا محمدتصدق ندوی جنرل سکریٹری نے پُرخلوص تہنیت پیش کی ہے،اور ان نوجوانوں کو سچا محب وطن بن کر ملک وملت کا نام روشن کرنے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سماجی کارکن خواجہ فریدالدین نے دی مبارک باد

بیدر: (وائی آر) گلبرگہ سے تعلق رکھنے والے موَظف محکمہ پولس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایوارڈ یافتہ ممتاز سماجی کارکن جناب خواجہ فریدالدین انعامدار نے بیدر کے دونوجوان محمد ندیم الدین اور قمرالدین خان کے انڈین سیول سرویسس امتحان 2019میں ملک گیرسطح پر بالترتیب 461، اور511 رینک لانے پر اپنی جانب سے مبارک باد پیش کی ہے اور کہاہے کہ ملت کے دونوں ہونہار نوجوانوں نے مرکزی حکومت کے ماتحت چلنے والے انکم ٹیکس اورانڈین ریلوے جیسے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدوں پرفائز رہتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کامیابی نے ریکارڈ بریک کئے ہیں ۔

خواجہ فریدالدین نے ان دونوں کے حق میں دعاکرتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ دونوں بچے خوب ترقی کریں اور ملک کی خدمت انجام دیتے ہوئے مسلمانوں کانام روشن کریں ۔ آخرمیں طلبہ سے گذار ش کی ہے کہ وہ ان کی طرح تعلیم کے حصول میں خوب محنت کریں۔ کامیابی کی کلید محنت سے ہٹ کر دوسری کسی چیز میں پوشیدہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!