ضلع بیدر سے

بیدرمی‏ں جماعت اسلامی کی ‘کووڈ-19– دعوت رجوع الی اللہ’ مہم جاری

بیدر: 7/اگست (اے این این) میڈیا کوآرڈینیٹر جماعت اسلامی ہند، بیدر کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جماعت اسلامی ہند، حلقہ کرناٹک میں ‘کووڈ-19 – دعوت رجوع الی اللہ ‘ موضوع پر ایک ریاستی مہم 5 تا 20 آگست2020 جاری ہے۔ جس میں تمام تدابیرکے ساتھ رجوع الی اللہ کے پہلو کو اجاگر کرنے اور ملت کی توجہ کو اس کی طرف مبذول کرانے۔ انسانیت کی تکریم کرتے ہوئے ان کی خدمت انجام دی جائے اور عام بندگان خدا کو خداکی طرف پلٹنے کی دعوت دینے، جیسے مقاصد کے تحت یہ مہم منائی جارہی ہے۔

محمد رفیق احمد مقامی کنوئینر”کو ویڈ-19 دعوت رجوع الی اللہ” مہم نے بتایا کہ کووڈ-19 بیماری نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، چونکہ اسکی کوئی مخصوص ویکسین یا دوا نہیں ہے، احتیاتی تدبیروں اورعلاج کے باوجود یہ وباء پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔ موجودہ سرکاری و غیر سرکاری دوا خانوں میں سہولتیں ناکافی ہورہی ہیں۔ اس نظر نہ آنے والے عجیب وائرس پر قابو پانے کی تمام سائنسی و تکنیکی انسانی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ حل کے طور پر اختیار کی گئی تدبیروں سے سماجی افراتفری، بے روزگاری، معاشی بدحالی، غربت اور تنگ دستی، جیسے نئے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ اس وباء نے انسان کو اپنی بے بسی اور بے چارگی کا احساس اچھی طرح کرادیا ہے۔

محمد نظام الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، شہر بیدر نے بتایا کہ اس وقت چونکہ سماجی دوری کا لحاظ رکھنا ہے اس لئے کوئی عمومی اور بڑے پروگرام نہیں ہونگے۔ یہ پوری مہم آن لائین دعوۃ کیمپین ہوگی۔ انفرادی ملاقاتوں کا اہتمام حتی الوسع کیا جائیگا۔ ان شاء اللہ ریاست بھر میں1.5 کروڑ برادران وطن و ملت تک اس مہم کے ذریعہ پہنچا جائےگا۔ مقامی سطح پر مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گے اور بالخصوص میڈیا اور سوشل میڈیا کے بھرپور استعمال کے ذریعے سے مہم کے پیغام کو باشندگان سے خدا تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

محمد رفیق احمد کنوئینر مہم نے مزید بتایا کہ دراصل جب زمین پر گناہ بڑھ جاتے ہیں، اللہ کی نافرمانی عام ہوجاتی ہے آسمان سے بلائیں اور وبائیں نازل ہونے لگتی ہیں۔ اس وقت اس وائرس کی وباء سے انسانوں میں یہ احساس پیدا ہونا چاہیے کہ وہ اپنے خالق و مالک کی طرف رجوع ہوں اس سے توبہ و استغفار کریں۔ مشکل کی ان گھڑیوں میں اہل ایمان کو چاہئے کہ مصیبت میں مبتلا بندوں سے بے تعلقی کے بجائے ان کی خدمت کریں، دلاسہ دیں اور خدا سے رجوع ہونے کا احساس دلائیں۔ اس سے امید کی جاسکتی ہیکہ اللہ تعالی ہمیں ان آفتوں سے نجات دے کر فلاح آخرت سے ہمکنار کریں گے۔

کنوئینر مہم نے مقامی سطح پر انجام دی جانیوالی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ جماعتِ اسلامی سے وابستہ تمام افراد سوشل میڈیا کے ذریعے اس مہم میں بھرپور حصہ لیں گے اور انسانوں کو دعوت الی اللہ کی طرف راغب کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ مہم کے دوران یومیہ اجتماعات، انفرادی ملاقاتیں، فولڈرز اور دیگر لٹریچر کا استعمال کیا جائے گا۔ جمعہ کے موقع پر اعلانات و خطابات، ملت اسلامیہ کے مختلف مکتبہ فکر کے ذمہ داران سے ملاقاتیں، سلم ایریاز میں بیداری مہم، ماسک و سینیٹائرز کی تقسیم، دیگر بین المذاہب ویبی نار کا اہتمام،جس میں مختلف مذہبی رہنماوٴ‏ں کے ذریعے دعوت رجوع الی اللہ کے پیغام کو عام کیا جائے گا۔

مقامی جماعت کی جانب سے10آکسیجن سیلنڈرز اور تقریبا 100پی پی ای کٹس کے علاوہ ازیں 4 ایمرجنسی لائٹس اور دیگر ضروریات کی ایسی چیزیں جو کووڈ-19 سے متاثر افراد کی تجہیز و تکفین کے لئے مطلوب ہیں، ایچ آر ایس کے کارکنوں کو فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مختلف مقابلہ جات منعقد کیے جائیں گے۔ اسٹریٹ اناؤنسمنٹس، بیانرس، آڈیوز ویڈیوز اور دیگر سرگرمیاں انجام دی جائیں گے۔کووڈ-19 سے متعلق رہنمائی، بیداری اور کونسلنگ کے لئے ڈاکٹرز فار ہیومیا نیٹی (DFH) کے ہیلپ لائن نمبر 08046809998 کے ذریعہ ڈاکٹرز اور والینٹرس کی جو خدمات جاری ہیں اس کا وسیع طور پر تعارف پیش کیا جائے گا۔ میڈیا پر پوسٹرز، میسجز اور ویڈیوز کو اپلوڈ کیا جائے گا۔

اس موقع پر امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر محمد نظام الدین نے عوام الناس سے اس مہم میں عملی تعاون کرتے ہوئے انسانوں کو اپنے رب کی طرف پلٹنے کی کوششوں میں جماعت کے کاموں میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ مہم سے متعلق مزید تفصیلات کے لئے مہم کنوئینر جناب محمد رفیق احمد سے اس موبائل نمبر 9242471035 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!