ملک کو برباد کر رہے ہیں مودی: راہل گاندھی
نوٹ بندی، جی ایس ٹی، کورونا کی بدنظمی، معیشت اور روزگار کا ستیہ ناش
راہل گاندھی نے کہا کہ مودی ملک کو برباد کر رہے ہیں، نوٹ بندی، جی ایس ٹی، کورونا وبا میں بدانتظامی، معیشت اور روزگار کا ستیہ ناش۔ ان کی سرمایہ دار میڈیا نے ایک فریب نظر تخلیق دیا ہے جو جلد ٹوٹ جائے گا
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ملک میں پیدا شدہ موجودہ مسائل کے حوالہ سے ایک مرتبہ پھر مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا، ’’مودی ملک کو برباد کر رہے ہیں۔ نوٹ بندی، جی ایس ٹی، کورونا وبا میں بد انتظامی، معیشت اور روزگار کا ستیہ ناش۔ ان کی سرمایہ دار میڈیا نے ایک فریبِ نظر تخلیق دیا ہے جو جلد ہی ٹوٹ جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی وبا کا پھیلاؤ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور ہر روز تقریباً 50 ہزار کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے، نیز سینکڑوں لوگوں کی جان جا رہی ہے۔ وہیں جو معیشت پہلے ہی خستہ حال تھی وہ کورونا کے سبب غرق آب ہو چکی ہے۔ ان تمام مسائل کو پٹری پر لانے کے لئے مرکز کی مودی حکومت کو بڑے فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔ راہل گاندھی لگاتار ان مسائل پر آواز بلند کر رہے ہیں اور مودی حکومت سے کاروباریوں کے لئے راحتی پیکیج کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن حکومت نے اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔
ادھر، عوام کورونا کی وبا سے بے حال ہے اور اس کے سبب نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن میں لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ چند مہینے سے راہل گاندھی غریب عوام کے کھاتوں میں براہ راست رقم ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ بھی کرتے آ رہے ہیں لیکن مودی حکومت اس پر کان نہیں دھر رہی ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے رافیل کے معاملہ پر ٹوئٹ کیا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مودی حکومت سے کئی سوالات پوچھے۔ انہوں نے پوچھا تھا کہ ہر ایک جہاز کی قیمت 526 کروڑ کی بجائے 1670 کروڑ کیوں ادا کی گئی؟ 126 کے مقام پر صرف 36 جہاز ہی کیوں خریدے گئے؟ ایچ اے ایل کے بجائے انیل امبانی کی کمپنی جو دیوالیا ہو چکی، اسے کنٹریکٹ کیوں دیا گیا۔