سی ایم مدھیہ پردیش شیوراج چوہان کورونا کے شکار، گھر میں ہوئے کوارنٹائن
چوہان نے خود ایک پیغام کے ذریعہ کورونا پازیٹو ہونے کی تصدیق کی اور سبھی سے اپیل کی ہے کہ کورونا انفیکشن سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات پر عمل لازمی طور پر کریں
بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کورونا متاثر پائے جانے کے بعد آج قرنطینہ میں چلے گئے۔ شیوراج چوہان نے خود ایک پیغام کے ذریعہ کورونا پازیٹو ہونے کی تصدیق کی اور سبھی سے اپیل کی کہ کورونا انفیکشن سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات پر عمل لازمی طور پر کریں۔
شیوراج چوہان نے عوامی طورپر جاری پیغام میں کہا ’’میں کورونا پازیٹو ہوگیا ہوں۔ میرے سبھی ساتھیوں سے اپیل ہے کہ جو بھی میرے رابطے میں آئے ہیں وہ اپنا کورونا ٹیسٹ کروا لیں۔ میرے نزدیکی رابطے والے قرنطینہ میں چلے جائیں۔ میں کورونا گائڈ لائن پر پوری طرح عمل کر رہا ہوں۔ ڈاکٹر کی صلاح کے مطابق خود کو قرنطینہ کروں گا اور علاج کراؤں گا۔ میری ریاست کے عوام سے اپیل ہے کہ احتیاط رکھیں، ذرا سی بے احتیاطی کورونا کو دعوت دیتی ہے۔ میں نے کورونا سے محتاط رہنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن اپنی پریشانیوں کے سلسلے میں لوگ ملتے ہی تھے۔
وزیراعلی نے آگے کہا کہ ’میری ان سب کو صلاح ہے کہ جو مجھ سے ملے ہیں وہ اپنا ٹیسٹ کروا لیں۔ کورونا سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وقت پر علاج ہوتا ہے تو کورونا بالکل ٹھیک ہوجاتا ہے۔ میں 25 مارچ سے ہر شام کو کورونا کی جائزہ میٹنگ کرتا رہا ہوں۔ میں ممکن حد تک اب ویڈیو کانفرنسنگ سے کورونا کی جائزہ میٹنگ کرنے کی کوشش کروں گا اور میری غیر موجودگی میں یہ میٹنگ وزیر داخلہ نروتم مشرا، شہری بلدیہ اور انتظامیہ کے وزیر بھوپیندر سنگھ، وزیر صحت و تعلیم وشواس سارنگ اور وزیرصحت ڈاکٹر پربھورام چودھری کریں گے۔‘‘
انہوں نے کہا ’’خود بھی قرنطینہ میں رہتے ہوئے علاج کے دوران ریاست میں کورونا کو قابو کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا رہوں گا۔ آپ سب محتاط رہیں، محفوظ رہیں اور گائڈ لائن پر عمل ضرور کریں۔‘‘