آیا صوفیہ مسجد کے امام نے آیتوں کا انتخاب بھی کیا خوب کیا تھا!
خان یاسر
إِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُّبِينًاامام نے آیتوں کا انتخاب بھی کیا خوب کیا تھا! آيا صوفيا كبير جامع شريف — تقریباً 90 سال بعد وہ مسجد جسے عجائب خانہ بنادیا گیا تھا وہاں ایمان والوں نے نماز قائم کی۔ اور ان سے بہت زیادہ تعداد ان ایمان والوں کی تھی جو دنیا بھر سے تلاوت، اذان، خطبہ، نماز اور دعا کے یہ روح پرور مناظر جھکے ہوئے دل اور نم آنکھوں کے ساتھ دیکھ رہے تھے۔ یقیناً ابھی ترکی کو ایک اسلامی نظام کے قیام کے لیے بہت کچھ پیش رفت کرنی ہے لیکن اس کا اب تک کا سفر بھی بصیرت افروز ہے۔ اے رب تیری ہی نصرت سے آیا صوفیہ میں اقامت صلوٰۃ کی منزل آئی ہے، تو ہی اپنے بندوں کو اقامت دین کی توفیق بھی دینے والا ہے!!! ……………
لاک ڈاؤن کے ان ایام میں وقت کے بہتر استعمال کے لیے جہاں میں نے بہت سے آن لائن کورسس سے استفادہ کیا، وہیں Duolingo پر ترکی زبان بھی سیکھنی شروع کی۔ سیکھتے سیکھتے ایک مشق میں ترجمے کے لیے یہ جملہ آیا، Ayasofya cami veya kilise değil, müzedir.اس کا مطلب ہے کہ آیا صوفیہ مسجد یا کلیسا نہیں بلکہ میوزیم ہے۔ بتا نہیں سکتا کہ اس کو پڑھ کر دل کی کیا کیفیت ہوئی۔
مشق کے بیسیوں سوالوں میں سے یہ ایک سوال تھا، مجھ گنہگار پر جو کیفیت طاری ہوئی وہ پانچ دس سیکنڈ سے زیادہ نہ ہوگی مگر اس دوران تڑپ کر یہ دعا ضرور نکلی کہ اے اللّٰہ! اُس مسجد کو ایک بار پھر اپنے سجدوں سے معمور فرما — اس کے بعد یہ بات اور کیفیت سب فراموش ہوگئی۔ مشقوں کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے، آج خطبے کے دو چار چھوٹے چھوٹے جملے اور دس پندرہ مقامات پر اکا دکا ترکیبیں سمجھ کر خوش ہوں —
لیکن دو چار دن پہلے یہ بات تب یاد آئی جاعادے کے دوران دوبارہ اسی جملے پر نظر پڑی۔ میں بے اختیار ہنس دیا، دل شکر کے جذبات سے لبریز ہوگیا، اور اس بات پر ایمان تازہ ہوگیا کہ اللّٰہ کی ذات ہی مسبب الاسباب ہے۔ بات کیسی ہی ”ناممکن“ ہو، اس کے ”ممکن“ ہونے میں صرف ”کن“ کی دیر ہے۔ مجھے وقتی طور پر طاری ایک کیفیت کے تحت کی گئی اس دعا کے حوالے سے کسی کرامت کا دعویٰ نہیں ہے،
خوشی صرف اس بات کی ہے کہ مسجد آیا صوفیہ کی بازیافت میں جہاں ہزاروں لاکھوں فرزندانِ توحید کی بڑی بڑی جدوجہد اور بڑی بڑی قربانیاں ہیں وہیں میرا چھوٹا سا اضطراب اور چھوٹی سی دعا بھی شامل ہے۔ اے میرے اللّٰہ! میں اس چھوٹے سے اضطراب اور چھوٹی سی دعا پر تجھ سے بڑے سے اجر کا طلبگار ہوں، ایسے اجر کا جو تیرے شایان شان ہو!