راجستھان میں بی جے پی نے کی کانگریس اراکین اسمبلی کو 35-20 کروڑ میں خریدنے کی کوشش: سرجے والا
راجستھان میں حالانکہ سیاسی بحران ختم ہوتا ہوا محسوس ہو رہا ہے اور گہلوت حکومت پر خطرہ بھی ٹل گیا معلوم پڑ رہا ہے، لیکن اس درمیان سیاسی ہنگامہ کم نہیں ہو رہا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس لیڈر کے درمیان آڈیو ٹیپ برسرعام ہونے کے بعد اب کانگریس نے بی جے پی پر زوردار حملہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجے والا نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جمعہ کی صبح کی گئی پریس کانفرنس میں بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ 20 سے 35 کروڑ روپے میں اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ بھنور لال شرما اور وشویندر سنگھ کو کانگریس پارٹی سے برخاست کر دیا گیا ہے۔