ویلفیئرپارٹی بیدر نے کیا 3 مہینے کالائٹ بل معاف کرنے کا مطالبہ، وزیراعلیٰ کرناٹک کو یادداشت پیش کی
بیدر: 6/جولائی (وائی آر) ویلفیئرپارٹی آف انڈیا بیدر یونٹ کی جانب سے آج 6/جولائی کو ڈپٹی کمشنر کے توسط سے ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیاکہ تین ماہ کا لائٹ بل معاف کیاجائے۔ تفصیلات کے بموجب ویلفیئرپارٹی آف انڈیا بیدر یونٹ نے انجینئر مبشرسندھے کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچ کر ایک یادداشت وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا کے نام پیش کی گئی اور مطالبہ کیاکہ لاک ڈاؤن کے چلتے جو 3 ماہ گذرے ہیں ان تین مہینوں کے لائٹ بل کی رقم معاف کی جائے۔
لاک ڈاؤن کے درمیان کسی کے پاس کوئی کام نہیں تھا۔ عوام اپنی زندگی کو لے کر ہراساں وپریشان رہے۔ کئی ایک کوروزانہ کھانا کھانے کے لالے پڑگئے تھے۔ عوام کنگال ہوچکی تھی۔ ایسے میں لائٹ کا بل جاری کرنا اور اس پر کئی گنا شرح سود کے ساتھ جاری کرنا سخت ناانصافی ہے۔ لہٰذ ا حکومت کچھ افراد کو مکمل اور کچھ افراد کے لئے کم ازکم 50فیصد لائٹ کے بل میں رعایت کرے۔
ویلفیئرپارٹی آف انڈیا بیدر نے ڈپٹی کمشنر پہنچ کر یہ مطالبہ کیا۔ اور کئی ایک نعرے لگائے گئے۔ انجینئر مبشرسندھے ضلع صدر WPI، کے علاوہ محمد سعیدتاثیر، محمدفضل احمد، افروز بابا، سراج پٹیل انجینئر، شاداب رفیع اور شیخ چاند صاحب وغیرہ نے اس مطالبہ میں حصہ لیا۔