ریاستوں سےمہاراشٹرا

خواجہ معین الدین چشتی ؒ کی شان میں گستاخی ناقابلِ برداشت: جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرا

جماعت اسلامی مہاراشٹر نے مطالبہ کیا کہ ’’اتنی عظیم شخصیت کے تعلق سے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کیلئے امیش دیوگن کیخلاف حکومت سخت کارروائی کرے, امن و امان اور بھائی چارہ کو باقی رکھنے کیلیے اشتعال انگیز بیانات نشر کرنے والے میڈیا ہائوس اور اینکرس پر سخت کارروائی کریں‘‘.

ممبئی: حضرت معین الدین چشتی رحمت اللہ علیہ بر صغیر ہند و پاک میں اسلامی تعلیمات اور انسانی اقدارکے عظیم داعی اور غیر متنازعہ روحانی پیشوا ہیں۔ حضرت معین الدین چشتی رحمت اللہ علیہ کسی تعریف کے محتاج نہیں ہیں ان کی اپنی ایک منفرد پہچان ہے اور عالم انسانیت ان کی خدمات سے عقیدت و محبت رکھتی ہے۔ اتنی عظیم شخصیت کے بارے میں جس طرح کے الفاظ نیوز اینکر نے استعمال کیے وہ ناقابل برداشت ہیں۔

جماعت اسلامی ہند،حلقہ مہاراشٹر نیوز18 کے اینکر امیش دیوگن کے اس عمل کو قابل مذمت سمجھتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس نیوز چینل اور اینکر کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔اس کےعلاوہ ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ میڈیا میں مذہبی اور سماجی شخصیات و بزرگان دین کے ساتھ کس طرح کی زبان استعمال کی جانی چاہیے اس کے لیے ایک ضابطہ اخلاق مرتب کیا جائے تاکہ ملک میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہ سکے ۔

ملک میں میڈیا کا رویہ روز بروز متعصبانہ اور اشتعال انگیز ہوتا جارہا ہے ۔ خاص طور پر الیکٹرونک میڈیا میں بحث و مباحثہ اور رپورٹنگ کا معیار دن بدن گرتا جارہا ہے ۔ بحث و مباحثہ کے دوران ایک دوسرے کے لیے جس طرح کی زبان اور الفاظ کا استعمال ہورہا ہے وہ اخلاقیات کے بنیادی معیار سے گرا ہوا ہے ۔ ہندوستان کا بعض میڈیا ملک کے پر امن خوش گوار اور بھائی چارے کے ماحول کو نفرت اور فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے کا کام کررہا ہے جو افسوسناک و قابل مذمت ہے ۔ ملک عزیز کے بزرگان دین کے لیے جس طرح کے الفاظ استعمال کئے جارہے ہیں وہ بہت ہی شرمناک اور توہین آمیز ہیں ۔

اس سلسلہ میں جماعت اسلامی مہاراشٹر کے امیر حلقہ رضوان الرحمن خان نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اشتعال میں بالکل نہ آئیں ۔ امیر حلقہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مسلم نوجوانوں نے باشعور اور اپنے امن پسند ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے مذکورہ اینکر کیخلاف مختلف شہروں اور قصبوں کے پولس اسٹیشنوں میں شکایت درج کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال پھیلانے والوں کا بہترین علاج یہ ہے کہ مسلمانوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ شکایتیں درج کرائی جائیں ۔
ایسے وقت میں جب ملک عالمی وبا اقتصادی اور معاشی بحران سے گذر رہا ہے بے لگام میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ حرکت اور اصل مسائل سے چشم پوشی، مخصوص ذہنیت اور تنگ نظری کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جماعت اسلامی مہارشٹر حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ امن و امان اور بھائی چارہ کو باقی رکھنے کیلیے اشتعال انگیز بیانات نشر کرنے والے میڈیا ہائوس اور اینکرس پر سخت کارروائی کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!