خبریںقومی

امیت شاہ، کیجریوال اورانل بیجل دہشت میں!

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس خبر کے بعد وہ لیڈران فکرمند ہیں جنھوں نے ان کے ساتھ میٹنگیں یا ملاقاتیں کیں۔ ان میں امت شاہ، اروند کیجریوال اور انل بیجل بھی شامل ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے کورونا پازیٹو نکلنے کے بعد اقتدار کے گلیاروں میں اندر ہی اندر ایک ہنگامہ سا برپا ہے۔ دراصل گزشتہ دنوں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں ستیندر جین بھی شامل تھے۔ اس میٹنگ میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل بھی موجود تھے۔ کیجریوال اور بیجل کے ساتھ وہ لگاتار کئی میٹنگوں میں شامل ہوئے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے ساتھ بھی وہ کئی میٹنگوں میں شریک ہوئے ہیں۔

مذکورہ سرکردہ لیڈران کے ساتھ ساتھ کئی افسران بھی دہشت میں ہیں۔ ستیندر جین کی وزیر اعلیٰ کیجریوال اور دیگر لیڈروں کے ساتھ سبھی میٹنگوں میں تمام سینئر افسران بھی شامل ہوتے رہے ہیں۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ میٹنگ کے دوران بھی مرکز اور ریاست کے کئی سینئر افسران موجود رہے تھے۔ حالانکہ فی الحال کوئی کچھ بول نہیں رہا ہے، لیکن خبر ہے کہ کئی لوگ اس بات کو لے کر فکرمند ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ستیندر جین کو اسپتال میں داخل کرانے کے بعد آکسیجن پر رکھا گیا تھا۔ حالانکہ اب ان کی حالت پہلے سے بہتر بتائی جا رہی ہے۔ ستیندر جین کو پیر کی دیر رات سانس لینے میں دقت کے بعد مشرقی دہلی واقع راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ یہاں ڈاکٹروں نے کورونا وائرس انفیکشن کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ بعد ازاں وزیر صحت کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔ منگل کو بھی ستیندر جین کا کورونا ٹیسٹ ہوا تھا لیکن رپورٹ میں ریزلٹ نگیٹو برآمد ہوا تھا۔ دوبارہ بخار آنے کے بعد جب پھر کورونا کی جانچ کی گئی تو رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو بھی بخار کی شکایت کے بعد کورونا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ ان کی رپورٹ نگیٹو آئی تھی۔ اس درمیان وزیر صحت ستیندر جین سمیت اب تک عام آدمی پارٹی کے دہلی میں چار اراکین اسمبلی کورونا پازیٹو ہو چکے ہیں۔ بدھ کو ہی کالکا جی سے رکن اسمبلی آتشی مرلینا کی بھی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہوئی۔ حالانکہ آتشی ہلکی علامات کے ساتھ اپنے گھر پر ہی ہیں۔ علاوہ ازیں قرول باغ کے رکن اسمبلی وشیش روی اور پٹیل نگر کے رکن اسمبلی راج کمار آنند بھی کورونا پازیٹو ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!