عید کی خریداری کے بجائے ضرورت مندوں کی مدد کیجیے: محمد عرفان اشٹور
بیدر: 16/مئی (اے این) محمد عرفا ن سماجی کار کن اشٹورکے پریس نوٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے 24مارچ سے ہی ملک بھر میں لاک ڈاؤن اب تک جاری ہے اور مستقبل قریب میں بھی جاری رہنے کے امکانات ہیں، اس کی وجہ سے پنج وقتہ نماز، نماز جمعہ اور نماز ترایح کے لیے صرف تین اشخاص کو ہی مساجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ آج مساجد سونی سونی نظر آرہی ہیں، گذشتہ رمضان میں جس طرح چہل پہل رہتی تھی آج اسی طرح سناٹا چھا یا ہوا ہے۔ لوگ پریشان ہیں، خصوصاً یومیہ مزدوری کرنے والوں کی حالت نا گفتہ بہ ہوتی جا رہی ہے، رمضان کا عشرہ رحمت و مغفرت گذر چکا اور ہم جہنم سے خلاصی کے عشرہ سے گذر رہے ہیں، اس سال ہماری عید ویسی نہیں ہوگی جیسے پہلے ہوا کرتی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ برادران اسلام سے گذارش ہے کہ ہم اس سال عید کی خریداری کے لیے جتنے روپئے رکھے ہیں اس روپئے کو عید کی خریداری میں استعمال کرنے کے بجائے، غرباء، مساکین، محتاجوں، ضرورت مندوں اور دینی قلعے مدارس اسلامیہ میں تقسیم کر کے ذخیرہ آخرت بنائیں۔