کورونا کو ہرانے کا حل صرف لاک ڈاؤن نہیں ہے، کیا منصوبہ بنا رہی ہے مرکزی حکومت بتائے؟ : راہل گاندھی
ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ لوگوں سے خطاب کیا۔ انھوں نے اس دوران کہا کہ گزشتہ 45 دنوں سے ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس مشکل وقت میں سب سے زیادہ ضروری ہے کہ چھوٹی صنعتوں کو راحت پیکیج دیا جائے اور ساتھ ہی لوگوں تک زیادہ سے زیادہ نقد پہنچایا جا سکے۔ لوگوں کے ہاتھوں میں پیسہ پہنچے گا تو معاشی بحران کا حل نکل جائے گا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ساتھ ہی کہا کہ مرکزی حکومت کو بتانا چاہیے کہ وہ کورونا سے لڑنے کے لیے کس طرح کا منصوبہ تیار کر رہی ہے۔ کورونا کو ہرانے کا حل صرف لاک ڈاؤن نہیں ہے، اس کے لیے باضابطہ منصوبہ بند طریقے سے کام کرنا ہوگا۔ راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ”میرا ماننا ہے کہ کورونا انفیکشن بہت بڑا مسئلہ ہے۔ یہ ذیابیطس کے مریضوں اور بزرگوں کے لیے خطرناک ہے، لیکن اسے ہرایا جا سکتا ہے۔“