اترپردیشریاستوں سے

کورونا نے سی ایم یوگی کو بنایا لاچار، والد کی آخری رسوم میں نہیں ہوں گے شامل

پرینکا گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ”یو پی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ جی کے والد آنند سنگھ بشٹ کے انتقال پر میری گہری ہمدردی۔ ایشور اس غم کے وقت میں گھر والوں کو تکلیف برداشت کرنے کی طاقت دے۔“

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اس وقت ایک ایسے لاچار شخص ہیں جو نہ تو اپنے مردہ والد کا آخری دیدار کر سکے اور نہ ہی ان کی آخری رسومات میں شامل ہوں گے۔ کورونا کے بڑھتے اثرات کے درمیان شاید یہ کسی بھی وزیر اعلیٰ کے لیے سب سے بڑی لاچاری ہوگی۔ والد کی آخری رسومات میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ خود یوگی آدتیہ ناتھ نے ہی کیا اور اس کے لیے انھوں نے کہا کہ کورونا وبا کے خلاف لڑائی سب سے اہم ہے اور اسی لیے وہ اپنے والد کا آخری دیدار بھی نہیں کر پائے۔

وزیر اعلیٰ یوگی نے والد کی آخری رسومات میں شامل نہ ہونے کا اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اپنی ماں اور دیگر اہل خانہ سے اپیل کی کہ 21 اپریل کو ہریدوار میں ہونے والی تقریب (آخری رسومات) میں سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے ہوئے کم سے کم لوگ ہی شامل ہوں۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنی والدہ سے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد خود ان کی خیریت دریافت کرنے پہنچیں گے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک خط لکھ کر ان باتوں کی جانکاری دی۔ انھوں نے اس خط میں لکھا ہے کہ “اپنے محترم والد کے کیلاش واسی ہونے پر مجھے انتہائی غم اور صدمہ ہے۔ زندگی میں ایمانداری، سخت محنت اور بغیر کسی مفاد کے لوگوں کی بھلائی کے لیے ہمیشہ تیار رہے اور یہی جذبہ انھوں نے میرے اندر بچپن میں ہی پیدا کر دیا۔ آخری لمحات میں ان کا دیدار کرنے کی خواہش تھی، لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف ملک کی لڑائی کو یو پی کی 23 کروڑ عوام کے مفاد میں آگے بڑھانے کی ذمہ داری کے سبب میں ایسا نہ کر سکا۔”

اپنے خط میں یوگی آدتیہ ناتھ نے مزید لکھا کہ “کل 21 اپریل کو آخری رسومات کی تقریب میں لاک ڈاؤن کی کامیابی اور کورونا وائرس وبا سے لڑنے کی پالیسی کی وجہ سے حصہ نہیں لے پا رہا ہوں۔ معزز والدہ اور گھر والوں سے اپیل ہے کہ وہ لاک ڈاؤن پر عمل کرتے ہوئے کم سے کم لوگ آخری رسومات کی تقریب میں شامل ہوں۔ والد کی یادوں کو سلام کرتے ہوئے انھیں پرخلوص خراج عقیدت پیش کر رہا ہوں۔ لاک ڈاؤن کے بعد آپ سے ملاقات کے لیے آؤں گا۔”

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے والد آنند سنگھ بشٹ کی پیر کی صبح انتقال کے بعد کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ “یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جی کے والد آنند سنگھ بشٹ کے انتقال پر میری گہری ہمدردی۔ ایشور اس غم کے وقت میں گھر والوں کو تکلیف برداشت کرنے کی طاقت دے۔ پرخلوص خراج عقیدت۔”

غور طلب ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے والد آنند سنگھ بشٹ کی موت پیر کی صبح دہلی واقع ایمس میں ہوئی تھی۔ ایمس کے مطابق صبح 10.44 بجے وزیر اعلیٰ یوگی کے والد نے آخری سانس لی۔ اب لاش کو آبائی گاؤں پنچور (اتراکھنڈ) لے جایا جا رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ آنند سنگھ بشٹ کی لاش کو پیر کو ہی اتراکھنڈ لے جایا جائے گا۔ ان کے انتقال کی جانکاری یو پی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ) اونیش کے. اوستھی نے دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!