ذکریٰ اُردو اسکول بسواکلیان کی سلور جوبلی تقریب، ایم پی، ایم ایل اے اوردیگر قائدین کی شرکت
بسواکلیان: 30/ڈسمبر(کے ایس/این سی) شہر بسواکلیان کے معروف اُردو تعلیمی ادارے ذکریٰ اُردو ہائیر پرائمری و گرلز ہائی اسکول کے 25سالہ کامیاب سفر کی تکمیل پر سلور جوبلی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس کے موقع پر رکن پارلیمان بیدرشری بھگونت کھوبا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے جلسہ میں شریک ہزاروں کی تعداد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ ہذٰا کے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور ادارہ کی ترقی کیلئے اپنا ہر ممکن تعاون پیش کرنے کا تیقن دلایا اور اندرون 15دن چار کلاس رومس تیار کرنے بجٹ منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہر طرف NRCاور CAAکو لے کر عوام پریشان ہے،میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ملک کے مسلمانوں کیلئے اس میں کوئی خطرہ نہیں ہے کسی بھی مسلم کو اس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے میرے حلقہ کے لوگوں سے ساتھ میں ہر وقت کھڑا ہوں اور آپ تمام کو یقین دلانا چاہتاہوں کہ اس NRCاورCAAسے آپ لوگوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے اور ملک کانام روشن کرنے کی تلقین کی۔
رکن اسمبلی بسواکلیان شری بی نارائن راؤ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ادارہ کے ذمہ داران،اساتذہ اور طلباء و طالبات کو اس 25سالہ کامیاب سفر کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور ادارہ کی ترقی کیلئے 50لاکھ روپیئے کی امداد جاری کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک لڑکے کی تعلیم ایک فرد کی تعلیم ہے جبکہ ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم ہے۔ شری ایم جی مولے سابقہ رکن اسمبلی بسواکلیان، شری سی جی ہلد بلاک ایجوکیشن افسر بسواکلیان نے بھی اس موقع پر اظہار خیال فرمایا۔
علاوہ ازیں جلسہ کا افتتاح قرات کلام پاک سے ہوا،پھر پودے کی آبیاری انجام پائی۔محمد وسیع الدین پہلوان رکن ذکریٰ ایجوکیشن سوسائٹی نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔محمد نعیم الدین اڈوائزر ذکریٰ ایجوکیشن سوسائٹی نے ادارہ کی 25سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ذکریٰ اُردو اسکول تعلقہ بسواکلیان کا وہ واحد تعلیمی ادارہ ہے جو مسلسل کامیابی کی راہ پر گامزن ہے اور ہر سال یہاں سے کئی طلباء و طالبات ابتدائی تعلیم حاصل کرکے اعلیٰ تعلیم کی بڑھ رہے ہیں۔ ادارہ ہذٰا کا قیام سن 1993ء میں عمل میں آیا تھا اس وقت شہر میں خالص لڑکیوں کیلئے کوئی تعلیمی ادارہ موجود نہیں تھا آج کشادہ عمارت،ہوادار کمرے،کھیل کا وسیع میدان آپ سب کے سامنے موجود ہے جس میں معززین کے علاوہ اہلیان محلہ محبوب نگر کا بھی تعاون رہا۔یہاں سے فارغ طلباء کی ایک بڑی فہرست موجود ہے جو کہ BUMS, BE, M.Tech, Phd, Graduates مکمل کرچکے ہیں۔
جناب مجاہد پاشاہ قریشی جنرل سیکریٹری ذکریٰ ایجوکیشن سوسائٹی نے ذکریٰ کی پہنچ اور عزائم موضوع کے تحت اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ذکریٰ اسکول ضلع بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے، یہا ں سے ہائی اسکول کی تعلیم حاصل کرکے جانیوالی طالبات کیلئے ہم بہت جلد پی یوکالج کا قیام بھی کرینگے۔انہوں نے جلسہ میں شریک اولیائے طلباء کا ذکریٰ اسکول کے ۵۲ سالہ کامیاب سفر کی تکمیل میں دیا گیا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شریمتی شاردا CDPO،شیوانند میترے صدر گورنمنٹ ایمپلائز اسوسیشن، جناب کلیم عابد منصوری امیر مقامی جماعت اسلامی ہند بسواکلیان نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔
گرو ناتھ گڈے سدبھاؤنا منچ،جناب عزیز شحنہ گلبرگہ،جناب محمد مستان صاحب CRP،ڈاکٹر ایم اے کریم صدر ذکریٰ ایجوکیشن سوسائٹی،جناب کلیم گوبرے خازن ذکریٰ ایجوکیشن سوسائٹی،مقیم صاحب چابکسوار جوئنٹ سیکریٹری ذکریٰ ایجوکیشن سوسائٹی،ابراہیم عرب، خواجہ معین الدین چابکسوارکے علاوہ کئی معززین موجود رہے۔ طلباء و طالبات نے موجودہ حالات کے تحت عوام میں بیداری لانے ثقافتی واخلاقی سرگرمیاں پیش کی۔
حافظ سید کلیم اللہ،سید اولیاء پاشاہ، محمد یٰسین ادھونی،محترمہ وسیمہ بیگم معلمین مدرسہ ہذٰا نے مختلف سیشنس میں نظامت کے فرائض انجام دئے۔طلباء کو ثقافتی سرگرمیوں کی تیاری میں محترمہ شگفتہ خانم،ناہیدہ انجم،تقدیس فاطمہ،تسلیم سلطانہ نے اہم رول ادا کیا جبکہ محمد سلیم الدین، غلام محمد، منیر بادشاہ، محمد عرفان نے نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اہم رول اداکیا۔ محترمہ ناظمہ نسرین صاحبہ صدرِ معلمہ نے اظہار تشکر پیش کیا۔