لاک ڈاؤن اور رمضان المبارک کے متعلق دینی و ملّی تنظیموں کی اہم اپیل
نئی دہلی: 17/ اپریل (اے این بی) ملک میں لاک ڈاؤن کی مدّت میں مزید توسیع کردی گئی ہے ۔ اس عرصے میں مذہبی عبادت گاہوں میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی برقرار رکھی جائے گی ۔ مسلمانوں نے الحمد للہ لاک ڈاؤن پر عمل کیا ہے ، یہاں تک کہ بادلِ ناخواستہ مساجد میں پنج وقتہ اور جمعہ کی نمازوں کی ادائیگی محدود رکھی ہے ۔ اب اپریل 2020 ء کے آخری ہفتے سے ماہ رمضان المبارک شروع ہو رہا ہے ۔ یہ مسلمانوں کے لیے بہت اہم مہینہ ہے ، جس میں وہ عبادتوں کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں ۔ لاک ڈاؤن میں رمضان المبارک کے معمولات سے متعلق ملک کی دینی و ملّی تنظیموں کے ذمے داروں اور نمائندہ شخصیات کی جانب سے اپیل جاری کی جا رہی ہے ۔ امید ہے کہ ان پرعمل کیا جائے گا :
1 _ کورونا سے تحفّظ کے پیش نظر جس طرح اب تک عمل ہوتا رہا ہے کہ مساجد میں اذان دی جا رہی ہے اور چند لوگ با جماعت نماز ادا کر رہے ہیں ، بقیہ تمام لوگ اپنے گھروں میں نماز پڑھ رہے ہیں ، یہی معمول رمضان المبارک میں بھی جاری رہے ۔
2 _ بغیر کسی شرعی عذر کے روزہ ترک نہ کیا جائے ۔
3 _ لوگ اپنے گھروں میں ہی سحری و افطار کریں اور افطار پارٹیوں اور دعوتوں سے مکمل اجتناب کریں ۔
4 _ نمازِ تراویح کا اہتمام بھی گھروں میں رہ کر ہی انفرادی یا اجتماعی طور پر گھر والوں کے ساتھ کیا جائے ۔ پاس پڑوس کے گھروں سے لوگوں کو جمع کرنے کی کوشش نہ کی جائے ۔
5 _ لوگ رمضان میں بازاروں میں جانے سے حتّیٰ الامکان گریز کریں ، خاص طور پر افطار سے قبل خریداری کی بھیڑ سے بچیں ۔
6 _ رمضان کی راتوں میں اِدھر اُدھر گھومنے سے سختی سے پرہیز کیا جائے ۔
7 _ زیادہ سے زیادہ قرآن کی تلاوت کرنے کے ساتھ اسے سمجھنے کی بھی کوشش کی جائے ۔ اس کے لیے کسی ترجمۂ قرآن اور تفسیر کی مدد لی جائے ۔
8 _ اس صورتِ حال کو اہلِ خانہ کے تزکیہ و تربیت کے لیے استعمال کیا جائے ۔ چنانچہ کچھ وقت ان کے ساتھ بیٹھ کر احادیث کا مطالعہ کیا جائے اور کوئی دینی کتاب پڑھی جائے ۔
9 _ قرآن وحدیث کے آن لائن تربیتی و تذکیری دروس تیار کیے جائیں اور ان سے استفادہ عام کیا جائے ۔
10 _ توبہ و استغفار ، اوراد و اذکار اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا جائے ۔
11 _ ماہِ رمضان میں رشتے داروں ، پڑوسیوں اور ضرورت مندوں کی خصوصی طور پر خبرگیری کی جائے اور زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کیا جائے کہ صدقہ بلاؤں کو ٹالتا ہے ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جلد از جلد اس وبا کا خاتمہ کرے اور معمول کی زندگی لوٹ آئے ۔
اپیل کنندگان
1 _ مولانا توقیر رضا خان ، صدر مسلم اتحاد پریشد ، بریلی
2 _ مولانا سید محمود مدنی ، سکریٹری جنرل جمعیۃ علماء ہند
3 _ مولانا ولی رحمانی ، جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
4 _ جناب سید سعادت اللہ حسینی ، امیر جماعت اسلامی ہند
5 _ مولانا اصغر علی امام سلفی ، امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ، دہلی
6 _ ڈاکٹر محمد منظور عالم ، جنرل سکریٹری ملی کونسل
7 _ مولانا مفتی محمد مکرم ، شاہی امام ، مسجد فتح پوری ، دہلی
8 _ مولانا سید جلال الدین عمری ، صدر شریعہ کونسل ، جماعت اسلامی ہند
9 _ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی(انڈیا)
10 _ مولانا سید سلمان حسینی ندوی ، ناظم جامعہ سید احمد شہید ، ملیح آباد
11 _ ڈاکٹر ظفرالاسلام خان(ازہری) ، صدر اقلیتی کمیشن ، دہلی
12 _ مولانا محسن تقوی ، امام جمعہ ، شیعہ جامع مسجد ، دہلی
13 _ مفتی رازق ،نمائندہ مولانا ارشد مدنی صدر جمعیۃ علمائے ہند
14 _ جناب لبید شافعی ،صدر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا
15 _ مولانا صغیر احمد خان ، امیر شریعت ، کرناٹک
16 _ مولانا محمد تنویر ہاشمی ، صدر اہل سنت و الجماعت ، کرناٹک
17 _ جناب ظہیر الدین علی خاں ، ایڈیٹر سیاست
18 _ پروفیسر اختر الواسع ، صدر جودھ پوریونی ورسٹی ، راجستھان
19_ مولانا محمد رضی الاسلام ندوی ، سکریٹری جماعت اسلامی ہند
20 _ پروفیسر عبد الرحیم قدوائی ، ڈائرکٹر قرآن سینٹر ، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی ، علی گڑھ
21 _ مولانا حافظ سید اطہر علی ، ناظم جامعہ محمدیہ ، ممبئی
22 _ مولانا محمد معین میاں ، پیر طریقت ، ممبئی
23 _ مولانا امین عثمانی ، سکریٹری ، اسلامک فقہ اکیڈمی(انڈیا) ، دہلی
24 _ مولانا شبیر احمد ندوی ، ناظم جامعۃ اصلاح البنات ، بنگلور
25 _ مولانا مفتی محفوظ الرحمٰن عثمانی ، ناظم جامعۃ القاسم ، سوپول ، بہار
26 _ جناب مجتبیٰ فاروق ، جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت