خبریںقومی

’آپ کی باتیں کھوکھلی ہیں، آپ کسانوں کے ہمدرد نہیں‘، پرینکا کا PM پر حملہ

پارلیمانی اجلاس کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران 700 شہید کسانوں سے متعلق مرکزی حکومت کے رویہ کو مایوس کن قرار دیا۔

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران آج دونوں ایوانوں میں خوب ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ سرمائی اجلاس کا پہلا دن ختم ہونے کے بعد ایوان سے باہر بھی اپوزیشن پارٹی لیڈران نے مودی حکومت کے طرز عمل کی پرزور الفاظ میں تنقید کی۔ اس درمیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’کسان تحریک میں 700 کسان شہید ہوئے، ان کی شہادت کے بارے میں آج پارلیمنٹ میں ایک لفظ نہیں کہا گیا، نہ خراج عقیدت پیش کر انھیں عزت دی گئی۔‘‘

پرینکا گاندھی نے اس ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’لاتعداد کسانوں کی جدوجہد اور شہادت نے ہمیں آزادی دلائی جس سے ہمیں آئین ملا۔‘‘ وہ آگے لکھتی ہیں ’’کسان قوانین، ایم ایس پی کا مطالبہ اور لکھیم پور قتل عام سے متعلق بحث کیے بغیر پارلیمنٹ کی کارروائی ہوئی۔ نریندر مودی جی آپ کی باتیں کھوکھلی ہیں آپ کسانوں کے ہمدرد نہیں ہیں، آپ ووٹوں کے ہمدرد ہیں۔‘‘

پارلیمانی اجلاس کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی میڈیا سے بات چیت کے دوران 700 شہید کسانوں سے متعلق مرکزی حکومت کے رویہ کو مایوس کن قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’700 کسان بھائی شہید ہوئے جس پر ڈسکشن ہونا تھا۔ ڈسکشن یہ بھی ہونا تھا کہ کسانوں کے خلاف قانون بنانے کے پیچھے کس کی طاقت تھی، یہ کیوں بنائے گئے۔ ڈسکشن ایم ایس پی پر بھی ہونا تھا، اور لکھیم پور کھیری قتل معاملہ پر بھی ڈسکشن ہونا تھا، لیکن حکومت نے ہونے نہیں دیا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت کے ذہن میں تھوڑا کنفیوزن ہے۔ وہ سوچتی ہے کہ جو غریب، کسان اور مزدور لوگ ہیں ان میں کوئی طاقت نہیں ہے، ان کو دبایا جا سکتا ہے، اور اس ماحول نے یہ دکھایا ہے کہ کسانوں کو، مزدوروں کو، غریب لوگوں کو، کمزور لوگوں کو ہندوستان میں دبایا نہیں جا سکتا۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!