بیدر: نوجوانان پتال نگری کی سماجی سرگرمیاں
بیدر: 4/اپریل۔ (وائی آر) جب سے کوروناوائرس کی وباء عام ہوئی ہے نوجوانان پتال نگری (گولہ خانہ) بیدر ان دنوں اپنی حیثیت کے مطابق سماجی خدمات میں لگے ہوئے ہیں۔ چونکہ بیدر کے میڈیکلس اور دیگر دوکانوں میں سینی ٹائزر کی شدید قلت ہے جس کے پیش نظرآج کل وہ ”ہوم میڈ سینی ٹائزر“ اپنے محلہ پتال نگری (گولہ خانہ) بیدر میں مفت تقسیم کرنے میں لگے ہیں۔
جس کے بارے میں بتاتے ہوئے سید میرعمران علی ضلع کنوینر KDSS(بھیم واد) نے بتایاکہ اس ہوم میڈ سینی ٹائزر میں اسپرٹ، الویرا، گلیسرین، ڈیٹال اور پانی کااستعمال کیاگیاہے۔ 100بوتلیں گھر گھر تقسیم کی جاچکی ہیں تاکہ لوگ اس سینی ٹائزر کو استعمال کرتے ہوئے کوروناوائرس سے اپنے آپ کوبچاسکیں۔ مزید بوتلیں تقسیم کے لئے تیار ہیں۔ اور تین دن سے یہ کام جاری ہے۔
اس سے قبل نوجوانان پتال نگری سفیان محی الدین، محمد مزمل، ایم ڈی اشفاق، ایم ڈی سلمان، سید میرعرفان علی، ایم ڈی توحیداور عبدالجاوید نے لاک ڈاؤن کے ہوتے ہی مستحق افراد تک راشن پیاکیج پہنچایاتھا۔ اورکپڑے کے ماسک بھی تقسیم کئے تھے۔
واضح رہے کہ نوجوانوں کی یہ چھوٹی چھوٹی سماجی سرگرمیاں ضرورت مندوں کے لئے ایک اہم سہارا بنی ہوئی ہیں کیونکہ لاک ڈاؤن کے درمیان حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی امدادنہیں پہنچی ہے۔ سید عمران علی نے بتایاکہ پتال نگری بیدر کے نوجوان حتی المقدور اپنی سی امداد کی کوشش کررہے ہیں۔اس بات کی اطلاع سیدعمران علی نے دی ہے۔