لاک ڈاوٴن میں جماعت اسلامی مہاراشٹر نے 1 کروڑ 34 لاکھ سے زائد کی امداد تقسییم کی
اس وقت سب سے بہترین نیکی کوئی اگر ہوسکتی ہے تو وہ یہ ہے کہ پریشان حال لوگوں کی خبر گیری کی جائے ان کی ضرورتیں پوری کی جائیں : رضوان الرحمن خان
ممبئی : 7/اپریل – ملک اور مہاراشٹر میں جاری لاک ڈائون کو دو ہفتے سے زائد اکا عرصہ گزر چکا ہے ۔ اس دوران اچانک لاک ڈائون کے سبب عوام الناس کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ جماعت اسلامی مہاراشٹر نے ان کی اس مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے اپنے ارکان و کارکنان کو بندگان خدا کی خدمت کیلئے متحرک کیا ۔
جماعت کے ارکان و کارکنان نے اس مشکل گھڑی میں وسائل کی کمی کے باوجود جاری لاک ڈائون کے دوران 22 ؍ سے 31 ؍ مارچ کے عرصہ میں ایک کروڑ 34 لاکھ 76 ہزار پینتیس روپئے کی امداد لوگوں میں تقسیم کئے۔ اس میں غذائی اجناس ، تیار کھانا ادویہ اور نقد رقوم بھی شامل ہیں ۔
واضح ہو کہ جماعت اسلامی مہاراشٹر نے اپنے ارکان و کارکنان کی مدد سے ایک کروڑ ۱۳ لاکھ ۱۴ ہزار ۶ سو پینتیس روپئے کےراشن بیس ہزار نو سو سے زائد خاندانوں میں تقسیم کئے تو ۱۶ لاکھ ۲۱ ہزار ۹ سو پچاس روپئے کے غذائی پیکٹس۴۷۴۰۰ افرادتک پہنچائے نیز پانچ لاکھ ۳۳ ہزار ۸ سو ۵۰ روپئے۵۶۴ افراد میں دوائیں اور نقد تقسیم کئے گئے ۔ جماعت کے ارکان کے ذریعہ یہ امدادی کام کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اورجماعت نے یہ اس وقت تک جاری رکھنے کا عزم کیا ہے جب تک لاک ڈائون کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ۔اس دوران امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹر رضوان الرحمن خان نے کہا’اتنی بڑی آبادی کو راحت پہنچانے کا کام صرف جماعت اسلامی نہیں کرسکتی اسلئے دیگر ادارے اور افراد بھی لوگوں کو راحت رسانی کیلئے آگے آئیں ‘۔
رضوان الرحمن خان نے کہا یہ بات خوش آئند ہے کہ پریشان حال لوگوں کی خدمت کیلئے ایک بڑا طبقہ میدان عمل میں موجود ہے ۔ امیر حلقہ نے کرونا وبا سے پریشان حال عوام کی تکلیفوں پر گہرے رنج غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہم جلد سے اس مشکل دور سے نکل کر عام حالات میں آئیں گے اور ملک ودنیا میں عوام کو لاحق پریشانی کا خاتمہ ہوگا ۔ اسی کے ساتھ رضوان الرحمن خان نے مسلمانوں سے اپیل بھی کی کہ یہی وقت ہے کہ ہم اپنے مالک حقیقی کی طرف پلٹیں اور اپنے اعمال کا احتساب کریں ۔
ممبئی ، تھانے ، جلگائوں ، بلڈانہ ،اورنگ آباد ،جالنہ ، پربھنی، ناندیڑ، ایوتمل،اکولہ اور کولہا پورسمیت پورے مہاراشٹر میں جماعت اسلامی مہاراشٹر کے ارکان و کارکنان نے ذاتی دلچسپی لے کر محصور اور ضرورتمندوں میں تیار کھانا ، راشن ، ادویہ اور نقد رقومات تقسیم کئے جو قابل ستائش قدم ہے ۔