ملک بھر میں آج رات 12 بجے سے 21 دنوں تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا: وزیر اعظم مودی کا اعلان
وزیر اعظم نریندر مودی آج ایک مرتبہ پھر قوم سے خطاب کر رہے ہیں۔ خطاب کے آغاز میں انہوں نے جنتا کرفیو کی کامیابی کے لئے ہندوستان کے ہر شہری کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ آج یعنی منگل کی رات 12 سے ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کو نافذ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کو کرفیو ہی سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا، ’’میں مؤدبانہ گزارش کرتا ہوں کہ آپ ملک میں جہاں بھی ہیں وہیں رہیں۔ آج کی صورت حال کے پیش نظر یہ لاک ڈاؤن 21 دن کا رہے گا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اگر ان 21 دنوں کے دوران صورت حال قابو میں نہیں آتی تو ملک 21 سال پیچھے ہو جائے گا، یہ بات میں وزیر اعظم کے طور پر نہیں کہہ رہا ہوں بلکہ گھر کے رکن کی حیثیت سے کہہ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا گھر سے باہر نکلا ایک قدم کورونا وائرس کی بیماری کو آپ کے گھر کے اندار لا سکتا ہے۔