کناڈا کے وزیراعظم کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کی شکار
کورونا وائرس دنیا کے 127 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس میں تقریباً 5 ہزار کی موت ہو چکی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ابھی تک 1.34 لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں۔
جسٹن ٹروڈو کناڈا کے انتہائی مقبول وزیر اعظم ہیں لیکن اس وقت وہ اسی پریشانی میں مبتلا نظر آ رہے ہیں جس سے پوری دنیا نبرد آزما ہے۔ یعنی کورونا وائرس کا خوف۔ ذرائع کے مطابق یہ وائرس ان کے گھر تک پہنچ گیا ہے اور ان کی اہلیہ صوفیہ ٹروڈو کورونا وائرس کی شکار ہو گئی ہیں۔ اس وائرس کی زد میں آنے کے بعد صوفیہ نے خود کو سب سے الگ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ ویسے تو ٹھیک محسوس کر رہی ہیں لیکن ان کو آئیسولیشن وارڈ (تنہائی یا علیحدگی وارڈ) میں رکھاگیا ہے اور وزیر اعظم ٹروڈو پر اس وائرس کے کوئی علامات نہیں ملے ہیں اور وہ کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کناڈا میں حزب اختلاف کےاین ڈی پی رہنما جگمیت سنگھ بھی بیمار ہیں اور وہ گھر سے ہی کام کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سنگھ اپنے ڈاکٹر سے رابطہ میں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ کورونا وائرس کے شکار نہیں ہیں لیکن ان کے طبی مشیر نے ان کو مشورہ دیا ہے کہ لوگوں سے اپنا رابطہ محدود رکھیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس دنیا کے 127 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس میں تقریباً 5 ہزار افراد کی موت ہو چکی ہے اور ابھی تک 1.34 لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں۔ چین میں اس وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جبکہ چین کے بعد اٹلی اور اس کے بعد ایران میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے جمعرات کو ایک موت ہو گئی۔
کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ویزا دینا بند کر دیا ہے جبکہ امریکہ کی ٹرمپ حکومت نے یوروپ سے امریکہ آنے والے لوگوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں اس وائرس کی وجہ سے ابھی تک 37 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 1300 سے زیادہ لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں۔ اس وائرس کا عالمی معیشت پر زبردست اثر پڑا ہے کیونکہ ہر کاروبار بری طرح متاثر ہے۔