بیدرضلع بیدر سے

رسول کریمؐ سے تعلق و نسبت رکھنے والی ہرچیز واجب التعظیم اور ذریعہٴ نجات‘ ہے: ڈاکٹر خلیفہ محمدادریس احمد قادری

بیدر: 20/اکٹوبر(اے ایس ایم) حضرت محمد ؐوجہ تخلیق ِ کائنات ہیں۔آپ ؐکے جسم مبارک کا ہر جُز میں وہ برکت اور فضیلت رکھی ہوئی ہے جو کسی دوسری شئے میں نہیں۔ رسول کریمؐ سے تعلق و نسبت رکھنے والی ہر چیز واجب التعظیم‘ ذریعے نجات‘ باعثِ فتح و کامرانی‘ مؤجب خیر و برکت‘ باعثِ ترقی روحانی اور شفاء امراض جسمانی ہے۔ ان خیالات کا اِظہار ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمدادریس احمد قادری سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل نے یہاں آستانہ قادریہ میں منعقدہ جلسہ میلاد النبیؐ و زیارتِ آثار موئے مبارک ؐکے موقع پر مُخاطب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ؐ کے ان گنت معجزات میں اہم معجزہ یہ ہے کہ سرکاِ دو عالم ؐ کسی پتھر پر قدم ِ مبارک رکھتے تو وہ نرم ہوجاتا اور قدمِ مبارک اس پر نقش ہوجاتے۔جو شریعت کا پابند نہیں ہوتا وہ طریقت کا پابند نہیں ہوسکتا۔ شریعت کے بغیر طریقت، حقیقت، معرفت کے منازل طئے کرنا بندے کے لئے محال ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اللہ اور رسول اللہ صلعم کی تعلیمات پر دل وجان سے عمل کرنے اور آپ سے اہلبیت اطہار کی محبت دلوں میں بٹھانے کے ساتھ ساتھ مانباپ کی خدمت، اطاعت وفرمانبرداری، صوفیائے کرام، علماء مشائخین، پیرومرشد اور اپنے بزرگوں کاادب کرنا ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔

ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے کہا سب سے پہلے اپنی اولاد کے سینوں میں عشق رسول صلعم بٹھایا جائے۔ اہل بیت اطہار سے محبت اور ان بچوں کوقرآن مقدس کی تعلیم دو۔ ماں باپ کو چاہیے کہ وہ خودبھی نمازوں کی پابندی کریں۔ اور اپنے اولاد کو بھی پنچوقتہ نماز کا پابند بنائیں۔ انہوں نے مریدین اور معتقدین کوتلقین کرتے ہوئے کہاکہ پہلے ہم اپنے دِلوں سے کینہ، بغض، عناد، نکال نہ پھینکیں گے جب تک ہمارا کوئی عمل منظور نہیں ہوتا۔ ہمیں چاہیے کہ ہمیشہ سچ بولیں۔ تقویٰ وپرہیزگاری کو اپنائیں۔ اپنے پیرومرشد کی خدمت اور ان کی ہدایت پر عمل کرنے ہر بلا وآفت سے اللہ محفوظ رکھتاہے۔ اپنے پیر کی خدمت کو غنیمت سمجھو، اس میں حکمت ہے۔ اہل اللہ کے پاس جائیں تو اپنے قلب کو صاف رکھو، اور جب علماء کے پاس جائیں اپنی زبان کوپاک رکھو۔ نمازوں کی پابندی کی سخت تلقین کی۔

جلسہ کا آغاز حافظ و قاری محمدشہانواز کی قراء تِ کلام پاک سے ہوا۔ ممتاز نعت خواں مولانا زاہد حسین رضوی،محمد سلیم قادری ظہیرآبادی، اوردیگر نے نعتِ رسولؐ اور قصیدہ بردہ شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب کی نگرانی میں موئے ِ مبارک ؐکی زیارت بصد عقیدت و احترام کرائی گئی ۔ کثیر تعداد میں عاشقان رسول ؐ زیارت موئے مبارک کا شرف حاصل کرتے ہوئے فیوض و برکات حاصل کئے۔ محفل نعت وختم قرآن مجید کا انعقاد بھی عمل میں آیا۔ جلسہ میں مدرسہ عالیہ قادریہ کے طلباء و طالبات نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے بہترین انداز میں نعت رسول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔اس موقع پر ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمدادریس احمد قادری سجادہ نشین نے اعلان کیا آئندہ سال نعت شریف کے مقابلہ جات رکھیں جائینگے بہترین مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات سے نوازا جائیگا۔

قبل ازیں درس تصوف، در س قادریہ اورشجرہ قادریہ کا ورد کیاگیا۔ مسجد مدینہ بگدل میں جلسہ میلاد النبی ؐ کا انعقاد ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب کی نگرانی عمل میں آیا۔ مولانا زاہد حسین رضوی نے امام و خطیب میلاد النبی ؐ کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ لنگر خانہ قادریہ میں حسب روایت قدیم طعام کااہتمام کیاگیاتھا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں عاشقانِ رسولؐ‘ علماء مشائخین عظام،مولوی محمد لئیق احمدقادری بگدلی اور دیگر موجود تھے۔ بعداذاں سلام فاتحہ و تقسیمِ تبرکات عمل میں آئے اور خلیفہ شاہ ادریس احمد قادری نے دعائے سلامتی فرمائی۔ بعد شکریہ جلسہ تکمیل کو پہنچا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!