ریاستوں سےمہاراشٹرا

ناگپورمیں ‘بھارت بچاؤ، دستور بچاؤ’ موضوع پرٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

ناگپور: 2 /مارچ (پریس ریلیز) ڈاکٹر محمد عبدالرشید، میڈیا سکریٹری، جماعت اسلامی ہند ناگپور کی اطلاع کے مطابق سیو انڈیا، سیو کنسٹیٹیوشن (Save India, Save Constitution) پر کیڈر ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد جماعت اسلامی ہند ناگپور ویسٹ کے جعفر نگر ‘ ٹیچرس کالونی کے مرکز ہال میں کوآرڈینیٹو کمیٹی کے ممبرس کے لیے منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر سرفراز احمد نے کہا کہ ہمیں اپنے اختلافات کو بھلا کر ایک امت بننا چاہئے ، تب ہی ہم ایک مضبوط قوم بن سکتے ہیں۔ ہمارے خیالات میں اختلاف رائے ہو سکتی ہیں ، لیکن ہم سب اسلام کی بنیاد پر ایک ہیں۔ ہمیں اپنے مسائل کی جڑ پر دھیان دینا چاہئے اور ان کو حل کرنا چاہئے۔ جماعت اسلامی ہند ناگپور کے ناظم شہر ڈاکٹر انوار صدیقی نے سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کے خلاف اسکے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں کہا کہ ان قوانین کو لے کر ہمارا جو احتجاج ہے وہ ایسا نہیں ہے کہ ان سے صرف مسلمان ہی دو چار ہو رہے ہیں ۔ بلکہ اس سے انسانیت کا جنازہ نکل رہا ہے ‘ ان سے انسانیت دم توڑ دیے گی ۔

یہ کیسے ممکن ہے کہ کچھ لوگوں کو معمولی بنیاد پر ملک کی شہریت دے دی جائے اور کچھ کو دستاویزات میں معمولی غلطیوں اور کمیوں کی وجہ سے انکی شہریت چھین لی جائے ! انہوں نے کہا کہ شہریت سے انسانیت کا گہرا تعلق ہے۔ انسان کہیں بھی پیدا ہوا ہو، اسے جینے کا حق حاصل ہے ، اس سے جینے کا حق قطعی طور پر نہیں چھینا جاسکتا۔ اگر وہ کسی بیرونی ملک سے ہے تو اسے وہاں بھی رہنے کا حق ملنا چاہئے۔

شجاع الدین فہد نے فاشزم پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دستور ہند کے ذریعہ بھارت کی کثیر المذاہب روایت کو بحال کرنے کے لئے ایک پختہ منصوبہ بندی کرنا چاہئے۔ ملک میں خیر سگالی کا جائزہ لینا چاہئے تاکہ فرقہ وارانہ قوتیں ملک کے اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کے اپنے ناپاک ارادے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ہمیں انسان کے بنیادی نظریات کو برقرار رکھنا چاہئے۔ اسلامو فوبیا کے نام پر اسلام کی شبیہہ خراب ہورہی ہے ، اس کے تحت ہمیں اسلام کی بنیادوں اور نظریات کی توسیع کرنا چاہئے۔

ڈاکٹر نعیم احمد نے کہا کہ این پی آر اور این آر سی دونوں ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں ، این پی آر کا مردم شماری سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ این پی آر کا ڈیٹا این آر سی میں استعمال ہوگا اور اگر این پی آر کی دستاویزات میں کوئی غلطی پائی جاتی ہے تو ایسے لوگ این آر سی سے باہر ہوجائیں گے۔ آسام کی طرح ان کے بنیادی حقوق بھی چھین لئے جائیں گے۔

اوپن سیشن ڈاکٹر آصف الزمان خان نے کنڈکٹ کیا۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ عاقب الحق، مفتی محمد صابر، مولانا سراج قاسمی، ڈاکٹر انوار صدیقی، ڈاکٹر نعیم احمد اور ڈاکٹر سرفراز احمد نے سوالات کے جوابات دیئے۔ تلاوت قرآن اور اس کی تفسیر سے مفتی محمد صابر نے پروگرام کا آغاز کیا، پروگرام کی نظامت ڈاکٹر سرفراز احمد نے کی۔ پروگرام کا اختتام مولانا سراج قاسمی کی دعا سے ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!