پُرامن مظاہرین پرحملہ تشویشناک، پولیس کا رول انتہائی افسوس ناک اورقابل مذمت: صدر ایس آئی او دہلی
نئی دہلی:26/ فروری (پریس نوٹ) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ایس آئی او، حلقہ دہلی کے ریاستی صدر ابوالاعلی سید سبحانی کی جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق ملک کی راجدھانی دہلی میں پچھلے تین دنوں سے جو تشدد اور بربریت کا ماحول برپا ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 20 سے زائد لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور کئی سو افراد شدید زخمی ہیں۔ جب سے سی اےاے جیسے کالے قانون کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا ہے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر مستقل تشدد بھڑکانے کے لیے اس معاملہ کو ہندو مسلم کا روپ دینے اورتشدد بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پچھلے تین دنوں سے مستقل مساجد، درگاہوں اورمسلم گھروں کو نشانہ بنا کر توڑ پھوڑ کی جارہی ہے۔ گھروں میں زبردستی گھس کر مارا جارہا ہے۔ دکانوں کو لوٹ کر آگ لگائی جارہی ہے۔
دوسری طرف بھگوا میڈیا یہ غلط فہمی پھیلانے کی پوری کوشش میں ہےکہ یہ آپسی لڑائی کا نتیجہ ہے۔ جس طرح کی خبریں موصول ہورہی ہیں یہ واضح طور پر بھگوا آتنکواد کی منظم سازش کا نتیجہ ہے۔ جس کا نقصان عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان حالات میں پولیس کا رویہ انتہائی افسوس ناک اورقابل مذمت ہے۔ دہلی پولیس کھلے عام غنڈوں کا ساتھ دیتی دکھائی دے رہی ہے۔
ہم انتطامیہ سے اور اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ جلد از جلد حالات کوقابو میں کرنے کی کوشش کی جائے اور بھگوا غنڈوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ ساتھ ہی دہلی کے عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ماحول کو پر امن بنانے کی کوشش کریں، مظلومین کی مدد کریں اور اپنے علاقوں میں غنڈوں کو داخل ہونے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ دہلی سرکار کے وزیر اعلی، دیگر وزراء اور ممبران اسمبلی سے بھی اپیل ہے کہ وہ بیان بازی سے آگے بڑھ کر عوام کی حفاظت کرنے کے لئے سڑکوں پر اتریں۔