بگدل: جناب محمد غوث الدین مقطعدار کرانہ مرچنٹ کا اچانک انتقال پُر ملال
بیدر: 26/فروری (اے این یو) یہ خبر انتہائی رنج کے ساتھ دی جاتی ہے کہ بگدل کی ایک معروف سماجی اور مذہبی شخصیت جناب محمد غوث الدین مقطعدار (کرانہ مرچنٹ) کا اچانک آج بروز چہارشنبہ صبح کی اولین ساعتوں میں تقریباً 4بجے کے قریب انتقال ہوگیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ جامع مسجد بگدل میں آج بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
مرحوم طویل عرصے سے پیشہ تجارت کرانہ مرچنٹ کی مصروفیات کے باوجود بھی مقام کی مختلف سماجی، دینی، دعوتی و دیگر سرگرمیوں میں مصروف رہتے تھے۔ علاوہ ازیں مرحوم آدرش گرام سمیتی، بگدل کے فعال رکن اورجماعت اسلامی ہند کے رکن اور امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، بگدل اور جامع مسجد انتظامی کمیٹی بگدل کے سیکرٹری، انتظامی کمیٹی مکہ مسجد، بگدل کے سابقہ رکن کے علاوہ الفلاح ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر ٹرسٹ بگدل کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔
اس اچانک انتقال پر جناب محمد اکرم علی صاحب ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند بیدر، جماعت کے مقامی امیر جناب محمد معین الدین صاحب، جناب محمد ضمیرالدین صدر ڈبلیو پی آئی بیدر ساؤتھ، محمد نذیر احمد سیکریٹری wpi بیدر ساؤتھ، انجینئر محمد نسیم الدین صدر ڈبلیو پی آئی بگدل، محمد سہیل منصوری صدر ایس آئی او، بگدل کے علاوہ دیگر نے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت اور وارثین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعائیں کی ہے۔
وارثین میں 2اہلیہ کے علاوہ 3 لڑکےاور3 لڑکیاں شامل ہیں۔ مرحوم کے بڑے فرزند حافظ محمد فرقان الاسلام نے اپنے والد مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گذارش کی ہے۔ واضح رہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج 26/فروری بروز چہارشنبہ بعد نماز عصر جامع مسجد بگدل میں ادا کی جائیگی جبکہ تدفین مقامی قبرستان میں عمل میں لائی جائے گی۔