تازہ خبریںدہلیریاستوں سے

شمال مشرقی دہلی میں 1مہینہ کے لیے دفعہ 144 نافذ، تصادم سے اب تک ہوئی 7ہلاکتیں: دہلی پولیس

پچھلے دو دنوں میں دہلی میں ہوئے تشدد سے پورا ملک فکر مند: اروند کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے راج گھاٹ پر پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ دو دنوں میں دہلی میں ہوئے تشدد سے پورا ملک فکر مند ہے۔ جان اور مال کا نقصان ہوا ہے۔ اگر تشدد بڑھتا ہے تو اس سے سبھی متاثر ہوں گے۔‘‘

بھجن پورہ چوک پر ایک بار پھر پتھراؤ شروع

شمال مشرقی دہلی کے کئی علاقوں میں ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، اس کے باوجود بھجن پورہ سے پتھراؤ کی خبریں آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بھجن پورہ چوک پر ایک بار پھر دو گروپ کے درمیان پتھر بازی شروع ہو گئی ہے۔ فی الحال اس پتھراؤ میں کسی کے زخمی ہونے کی خبریں نہیں آئی ہیں، لیکن حالات کافی کشیدہ ہیں۔

کپل مشرا کے خلاف دہلی میں دو شکایات درج

بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے اتوار اور پیر کے روز شمال مشرقی دہلی میں جس طرح سے اشتعال انگیز بیان بازی کی، اس سے زبردست تشدد کا ماحول پیدا ہوا جس میں اب تک 7 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اب کپل مشرا پر تشدد پیدا کرنے کے الزام میں دو معاملے درج کیے گئے ہیں۔ ایک شکایت عام آدمی پارٹی کی کارپوریٹر ریشما ندیم کی جانب سے درج کرائی گئی ہے اور دوسری شکایت حسیب الحسن نامی شخص نے درج کرائی ہے۔ درج شکایات میں کہا گیا ہے کہ کپل مشرا اشتعال انگیز بیان دے کر لوگوں کو مشتعل کیا جس کے بعد علاقے میں انارکی پھیل گئی۔ بہر حال، فی الحال کپل مشرا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

اشتعال انگیز بیان کسی بھی پارٹی کا لیڈر دے، کارروائی ہونی چاہیے: گمبھیر

بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر نے اپنی ہی پارٹی کے لیڈر کپل مشرا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیا نے جب ان سے کپل مشرا کے اشتعال انگیز بیان کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’یہ کوئی مطلب نہیں رکھتا کہ وہ شخص کون ہے، وہ کپل مشرا ہے یا کوئی اور، یا پھر وہ کس پارٹی سے تعلق رکھتا ہے، اگر اس نے اشتعال انگیز بیان دیا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔‘‘

موج پور میٹرو اسٹیشن کے قریب پھر ہوئی پتھر بازی

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایک بار پھر موج پور میٹر اسٹیشن کے قریب پتھر بازی شروع ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پتھر بازی موج پور میٹرو اسٹیشن سے قریب کبیر نگر علاقے میں ہوئی۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں۔ حالانکہ پولس نے پہلے ہی بتا رکھا ہے کہ سیکورٹی سخت ہے اور وہ کسی بھی طرح کے حالات پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

شمال مشرقی دہلی میں ایک مہینہ کے لیے دفعہ 144 نافذ

راجدھانی دہلی میں سی اے اے اور این آر سی حامی و مخالف گروپ کے درمیان ہوئے تشدد کے بعد دہلی پولس نے منگل کے روز ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شمال مشرقی دہلی میں مہینہ بھر کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ پولس نے یہ حکم کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔ اس سے قبل پولس نے تشدد میں 7 لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور عوامی ملکیت کو ہوئے نقصان کے بارے میں بھی بتایا۔ واضح رہے کہ جن 7 لوگوں کی موت تشدد کے دوران ہوئی ان میں ایک پولس اہلکار بھی شامل ہے۔

تصادم کی وجہ سے اب تک 7 ہلاکتیں ہوئی ہیں: دہلی پولس

دہلی پولس نے شمال مشرقی دہلی میں گزشتہ روز ہوئے دو گروپوں کے درمیان تصادم کی وجہ سے 7 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ دہلی پولس کا کہنا ہے کہ ایک پولس اہلکار تشدد کے درمیان ہلاک ہوا جب کہ 6 شہری بھی اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے۔

برہمپوری میں پتھراؤ، آر اے ایف جوانوں کے فلیگ مارچ کے دوران 2 خالی کارتوس برآمد

دہلی کے برہمپوری علاقے میں دو گروپوں کے درمیان پتھراؤ کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ پتھراؤ کے بعد بڑی تعداد میں پولس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے اور آر اے ایف کے جوانوں نے علاقے میں فلیگ مارچ بھی کیا۔ اس درمیان آر اے ایف کے جوانوں کو دو خالی کارتوس ملے ہیں۔

دہلی فائر بریگیڈ محکمہ کو پیر سے آج صبح 3 بجے تک آگ زنی کے 45 فون آئے

شمال مشرقی دہلی کے فائر بریگیڈ محکمہ کے ڈائریکٹر کے مطابق پیر کے روز سے آج صبح 3 بجے تک آگ زنی سے جڑے 45 فون کال آ چکے ہیں۔ اب تک 3 فائر بریگیڈ اہلکار زخمی بھی ہو چکے ہیں اور ایک فائر بریگیڈ گاڑی کو نذر آتش کیا جا چکا ہے۔

شمال مشرقی دہلی میں حالات ہنوز کشیدہ، 5 موٹر سائیکل نذر آتش

شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف گزشتہ دو مہینے سے زیادہ عرصہ سے دہلی کے مختلف علاقوں میں پرامن دھرنا و مظاہرہ جاری ہے۔ لیکن شمال مشرقی دہلی میں اتوار کے روز سے ہی حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ سی اے اے کی حمایت میں کچھ لوگوں نے آواز اٹھاتے ہوئے فضا کو زہر آلود کر دیا ہے۔ مبینہ طور پر انھوں نے پرامن مظاہرہ کرنے والے لوگوں پر حملہ کیا جس سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آج بھی شمال مشرقی دہلی کے حالات کشیدہ ہیں اور اطلاعات کے مطابق صبح سویرے 5 موٹر سائیکل کو شرپسندوں نے نذر آتش کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!