ممبئی آزاد میدان میں 15/ فروری کو سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کےخلاف ہوگا زبردست احتجاج
ممبئی: 12/فروری (ایس ایم ایس) الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر نے ممبئی میں عظیم الشان مہامورچہ یا احتجاجی ریلی کا اعلان کیا ہے۔ جو کہ 15 ؍ فروری بروز ہفتہ دوپہر 2؍ تا 5 ؍ بجے شام آزاد میدان میں ہوگا۔ مورچہ کے روح رواں ریٹائرڈ جسٹس کولسے پاٹل نے کہا ’’ہم جس قانون کی مخالفت کررہے ہیں وہ صرف مسلمانوں کیلئے ہی خطرناک نہیں ہے بلکہ سبھی غریب اور پسماندہ طبقات جیسے ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی اس شہری ترمیمی قانون سے راست طور سے متاثر ہونگے‘‘۔ مذکورہ مہامورچہ یا احتجاجی ریلی کے تعلق سے عوامی بیداری کیلئے الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این آر سی اینڈ این پی آرکے اراکین بودھ وہار اور گرودوارہ سمیت سبھی مذہبی مقامات اور سماجی تنظیموں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
عبدالحسیب بھاٹکر شریک کنوینر ممبئی نے کہا ’’ہم سبھی مذاہب کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے پاس جارہے ہیں انہیں اپنی باتیں سمجھارہے ہیں اور احتجاج کی تفصیل بتارہے ہیں،مذہب یا فرقہ کو شہری ترمیم قانون میں شامل کرنا امتیازی سلوک کا غماز ہے جو کہ ہمارے دستور کی روح کے خلاف ہے ۔اس تفریق پر مبنی ترمیم قانون کی مخالفت سیکولرزم پر مبنی دستور کے خالق ڈاکٹر امبیڈکر کی سرزمین مہاراشٹر سے بھی ہورہی ہے۔
ممبئی امن کمیٹی اور الائنس کے شریک کنوینر فرید شیخ نے کہا ’’پہلی بار ہم سیاست داں، عام آدمی اور سماجی کارکنان ایک ساتھ آرہے ہیں باہم گفتگو کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ ریاست مہاراشٹر سے ایسی پر اثر آواز بلند ہوگی جو مذکورہ مسئلہ کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی‘‘۔ الائنس کے ایک اور شریک کنوینر ایڈووکیٹ راٹھور نے کہا ’’غریب اور پسماندہ طبقات جس میں سبھی ایس سی ، ایس ٹی اور اوبی سی شامل ہیں اس قانون سے بری طرح متاثر ہوں گے‘‘۔ یہ لڑائی صرف مسلمانوں کی یا مسلمانوں سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ ان سبھی غریبوں کی لڑائی ہے جو اس کی زد میں آنے والے ہیں ، ہم اس کالے قانون کیخلاف مل کر جد و جہد جاری رکھیں گے ۔
مولانا محمود دریابادی نے اس لڑائی کو آزادی کی دوسری جنگ قرار دیا ۔انہوں نے آسام کے ڈٹینشن سینٹر میں اموات کے حوالے سے کہا ’’اگر ہم اس قانون کیخلاف جدو جہد نہیں کریں گے تو بہت سے لوگ ڈٹینشن سینٹر میں ہی مر جائیں گے‘‘۔ مولانا اعجاز کشمیری نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مصروفیات میں سے کچھ گھنٹے نکال کر آزاد میدان کے مہامورچہ میں شامل ہوں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ نوجوان اور خواتین موجودہ جد وجہد کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کیلئے علیحدہ بیٹھنے کا بھی نظم ہوگا۔ انہوں نے علما سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ افراد کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔
الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این آر سی اینڈ این پی آر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور کسی بھی قسم کے تشدد سے دور رہیں ۔ حسیب بھاٹکر نے کہا’’ہم آزاد میدان میں پرامن طور سے جمہوری ذرائع کا استعمال کریں۔قومی پرچم کے ساتھ آئیں اور پرامن احتجاج میں شامل رہیں‘‘ ۔