تازہ خبریںخبریںقومی

رسوئی گیس سلنڈرقیمت میں اضافہ کے خلاف مہیلا کانگریس کا 13/فروری کو ملک گیراحتجاجی مظاہرہ

نئی دہلی: رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف آل انڈیا مہیلا کانگریس نے 13 فروری کو ملک گیر پیمانے پر مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مہیلا کانگریس کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں اس قدر اضافہ قابل برداشت نہیں ہے، اس لیے جمعرات کے روز سڑک پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

مایاوتی نے کہا کہ غیر سبسڈی والے گیس سلنڈر کے دام میں آج سے تقریباً 150 روپے کا بھاری اضافہ ملک کے کروڑوں غریب اور محنت کش لوگوں کے لئے زبردست مہنگائی میں آٹا گیلا کرنے والا سفاکانہ قدم ہے۔

بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کے لئے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے بدھ کے روز کہا کہ یہ حکومت کا سفاکانہ قدم ہے۔ مایاوتی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ زبردست مہنگائی کے وقت حکومت کا یہ قدم ظالمانہ ہے۔ نیز حکومت کو آئین کی روح کے مطابق فلاحی حکومت کی طرح کام کرنا چاہیے۔

مایاوتی نے ٹوئٹ میں کہا ’’کھانا پکانے کے غیر سبسڈی والے گیس سلنڈر کے دام میں آج سے تقریباً 150 روپے کا بھاری اضافہ ملک کے کروڑوں غریب اور محنت کش لوگوں کے لئے زبردست مہنگائی میں آٹا گیلا کرنے والا سفاکانہ قدم ہے۔ مرکز آئین کی منشا کے مطابق فلاحی حکومت کی طرح کام کرے تو یہ بہتر ہو گا‘‘۔

قبل ازیں، دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد بدھ کے روز ملک میں رسوئی گیس سلینڈر کی قیمت میں تقریباً ڈیڑھ سو روپے کا اضافہ کیا گیا۔ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق آج سے بغیر سبسڈی والا 14.2 کلو گرام کا گھریلو رسوئی گیس سلینڈر 144.50 روپے مہنگا ہو گیا ہے اور اس کی قیمت 858.50 روپے ہو گئی ہے۔ پہلے اس کی قیمت 714 روپے تھی۔

ادھر، سبسڈی والے سلینڈر کی قیمتوں پر لگنے والے گڈس اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ عام طور پر رسوئی گیس کی قیمتوں میں مہینے کی پہلی تاریخ سے کی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ یہ تبدیلی 12 فروری سے کر دی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کی وجہ سے اس مہینے قیمتوں میں اضافہ کرنے میں تاخیر کی گئی۔ کولکاتا میں بغیر سبسڈی والے رسوئی گیس سلینڈر کی قیمت 149 روپے بڑھ کر 747 روپے، ممبئی میں 145 روپے بڑھ کر 684.50 روپے اور چنئی میں 147 روپے بڑھ کر 734 روپے ہو گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!