خبریںقومی

سی اے اے واپس لے مودی حکومت، ملک کے سیکولر تانے بانے کے خلاف: مسیحی برادری

گوا کے پادری فلپ نیری فیرارو اور کیتھولک برادری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری غیر مشروط طور پر شہریت ترمیمی قانون کو منسوخ کرے اور این پی آر-این آر سی کے عمل کو روکے

ملک بھر میں شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ مختلف مذاہب اور فرقوں کے لوگ اس کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں گوا کے ایک پادری آرچ بشپ فلپ نیری فیرارو نے بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے سی اے اے کو ملک کے سیکولر تانے بانے کے خلاف قرار دیا ہے اور مودی حکومت سے سی اے اے کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے این پی آر اور این آر سی کے عمل پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

گوا کے آرچ بشپ فلپ نیری فیرارو اور گوا میں کیتھولک برادری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ’’شہریت ترمیمی قانون کو فوری اور غیر مشروط طور پر منسوخ کرے اور این پی آر اور این آر سی کو نافذ ہونے سے روکے۔‘‘

آرچ بشپ نے مزید کہا کہ این آر سی اور این پی آر کو نافذ کرنے کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ نچلے طبقے کے لوگ استحصال کا شکار ہوں گے، خاص طور پر وہ دلت، آدیواسی، تارکین وطن مزدور، خانہ بدوش طبقے اور بے شمار لوگ، جنہیں اہل شہری تسلیم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے زیادہ عرصے تک اس عظیم ملک میں بسنے والے لاکھوں افراد اچانک اپنے حقوق سے محروم ہوجائیں گے اور انہیں حراستی مرکز میں بند کردیا جائے گا، جو سراسر غلط ہے۔

قابل غور بات یہ ہے کہ سی اے اے میں عیسائی مذہب کے لوگوں کے لئے شہریت فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود آرچ بشپ نے سی اے اے کے خطرے کو محسوس کرتے ہوئے آرچ بشپ نے اس کے خلاف اپنی آواز اٹھائی ہے۔

واضح رہے کہ سی اے اے کے تحت غیر قانونی طور پر پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے ہندوستان آنے والے ہندوؤں، سکھوں، عیسائیوں، پارسیوں، جینوں اور بودھوں کو شہریت فراہم کرنے کا التزام کیا گیا ہے۔ اس میں مذہب اسلام سے وابستہ لوگوں کو شہریت فراہم نہیں کی جا سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ سی اے اے کو آئین کے خلاف ہونے کی وجہ سے ملک بھر کے لوگ اس کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!