ایس آئی او کرناٹک کے ذمہ داران نے شاہین اسکول بیدرکا کیا دورہ
ایس آئی او کرناٹک کے وفد نے تحقیقات کے نام پر معصوم طلبہ کو ہراساں کئے جانے پر کیا شدید ناراضگی کا اظہار
بیدر: 7/فروری (اے این بی) ایس آئی او کرناٹک کے ذمہ داران نے آج شاہین اسکول بیدر کے مین کیمپس کا دورہ کیا۔ بینگلورو سے آئے وفد نے ایس آئی او بیدر یونٹ کے ممبران کے ہمراہ شاہ پور گیٹ مین کیمپس پہنچے، جہاں انہوں نے اسکول کے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے ڈرامے پر ہونے والے تنازعہ اور پولیس کاروائی کے متعلق معلومات حاصل کی۔
اس واقعہ سے بچوں پر پڑنے والے اثرات کے متعلق بھی بات کی اور صورتحال کو سمجھا۔ خاص طور پر نوعمر بچوں کے خلاف درج کیے گئے مقدمہ پر ناراضگی اور شدید مذمت کا اظہار کیا، اس موقعہ پرایس آئِی او کی حمایت کا یقین دلایا۔
وفد نے موقعہ پر موجود اسکولی ذمہ داران سے تمام تر تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ایسے نازک وقت میں ادارے کوایس آئی او کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا اور بحیثیت طلباء تنظیم کی جانب سے کی جانے والی مختلف کوششوں کو بھی اسکولی ذمہ داران کے سامنے رکھا۔
اس وفد کی قیادت کیمپس کے سکریٹری پی الکل نے کی، جبکہ ریاستی پی آر سکریٹری یٰاسین کوڈی بینبگرے، ثقافتی منتظم دانش منگلوری کے علاوہ دیگر مقامی ذمہ داران موجود تھے۔