ایس آئی او صدر سلمان احمد کی رہائی، حق اور انصاف کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
ناندیڑ: 7/ فروری- اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) نے طلبا لیڈر اور صدر ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر سلمان احمد کی رہائی کا خیرمقدم کیا ہے. واضح رہے کہ جمعہ کے روز ناندیڑ پولیس نےسلمان احمد کو ضمانت پر رہا کیا۔
سلمان احمد پر ناندیڑ کے شاہین باغ احتجاج میں دیئے گئے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف اپنی ایک تقریر کے کچھ حصوں کی غلط پیشکش کے سبب معاملہ درج کیا گیا تھا۔ ناندیڑ پولیس نے جمعرات کی شام ممبئی سے سلمان احمد کو تحویل میں لیا اور انھیں ناندیڑ لیکر گئے۔ سلمان احمد کو اپنے موقف کی وضاحت اور ضروری قانونی کارروائی کرنے کے بعد جمعہ کی سہ پہر اتوارہ پولیس اسٹیشن میں ضمانت مل گئی۔
یہ غیرضروری تنازعہ میڈیا اور کچھ افراد کی بدنیتی پر مبنی کوشش اور CAA-NRC-NPR کے خلاف جاری تحریک کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ تھا۔ تقریر میں کچھ بھی متنازعہ نہیں تھا۔ آدھے گھنٹے سے زیادہ کی تقریر کا ایک چھوٹا سا حصہ لے کر اسے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے سیاق و سباق سے باہر نکال کر پیش کیا گیا۔
ایس آئی او جلد ہی میڈیا ہاؤسز اور ان افراد کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرنے کے لئے قانونی عمل شروع کرے گی جنہوں نے تقریر کے مندرجات کو جان بوجھ کر توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا۔ ایس آئی او نے ہمیشہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سرکاری حکام کے ساتھ تعاون کیا ہے اور کرتی رہے گی۔
دراصل سلمان احمد نے پہلے ہی پولیس کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ کیا تھا اور اس کے مطابق ناندیڑ کے لئے سفر پلان کرچکے تھے۔ تاہم سلمان احمد کو سفر سے پہلے ہی حراست میں لےلیا گیا۔ ان تمام رکاوٹوں کے باوجود معاشرے میں انصاف کے قیام کی جانب کام کرنے کا ایس آئی او کا عزم ہمیشہ کی طرح مستحکم ہے۔ ایس آئی او تمام جمہوری اور پر امن طریقے استعمال کرکے CAA جیسے سیاہ قوانین کا مقابلہ کرنا جاری رکھے گی۔ تنظیم اس پورے معاملے میں مختلف افراد اور تنظیموں کی طرف سے دیئے گئے تعاون کا خیرمقدم کرتی ہے۔