ملک کے نوجوان کچھ دنوں میں مودی کی حالت خراب کر دیں گے: راہل گاندھی
ایک انتخابی اجلاس کے دوران راہل گاندھی نے بے روزگاری کے بحران پر وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ آنے والے کچھ دنوں میں نوجوان ایسا حال کریں گے کہ مودی اپنے گھر سے باہر نہیں نکل پائیں گے
نئی دہلی: قومی راجدھانی میں آئندہ 8 فروری کو ہونے جا رہے اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس کی تشہیر زور شور سے جاری ہے۔ منگل کے روز کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے کئی مقامات پر جلسہ عام سے خطاب کیا اور بی جے پی و وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں پر حملہ بولا۔
مٹیا محل اسمبلی حلقہ انتخابت میں منگل کی شام کو ایک کانگریس کے ایک انتخابی اجلاس سے دوران راہل گاندھی نے بے روزگاری کے بحران پر وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ آنے والے کچھ دنوں میں نوجوان ایسا حال کریں گے کہ مودی اپنے گھر سے باہر نہیں نکل پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگانی کا بحران اب اور زیادہ شدید ہونے جا رہا ہے اور اس کی وجہ سے ہندوستان کو مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
راہل گاندھی نے سوال کیا کہ آخر مودی کے دور میں ایسا کیا ہوا کہ چاروں طرف ہندو-مسلم تناؤ نظر آتا ہے! اس کی وجہ بے روزگاری ہے، کیوں کہ نوجوان نہیں جانتے کہ انہیں نوکری ملے گی یا نہیں۔ بے روزگاری مودی کی سیاست کے لئے آکسیجن کا کام کرتی ہے۔
دریں اثنا راہل گاندھی نے کیجریوال پر بھی نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا، ’’آنجہانی شیلا جی نے کبھی بہانے نہیں بنائے لیکن کیجریوال ہر چیز کا بہانہ بناتے ہیں۔‘‘
امت شاہ پر شدید حملہ بولتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’امت شاہ کی تقریر کو کبھی نہ سنیں کیونکہ وہ جو بولتے ہیں وہ صرف گند ہی ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’بے روزگاری پر مودی نے نوجوانوں کو پکوڈا بیچنے کی صلاح دی۔ نیز جو شخص طلباء سے امتحان پر گفتگو کرتا ہے اس نے کبھی اپنی ڈگری نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہمیشہ دو فرقوں میں لڑائی پیدا کرتے ہیں اور خود کو حب الوطن قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیجریوال اور مودی حب الوطنی کی تشہیر کر رہے ہیں، لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ قومی اتحاد کے بغیر ملک کی ترقی نہیں ہو سکتی۔
قبل ازیں، راہل گاندھی نے کونڈلی میں بھی انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ یہاں بھی انہوں نے بے روزگاری کا مسئلہ اٹھایا اور وزیر اعظم مودی پر جم کر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان کا نوجوان کسی بھی صورت حال سے لڑنے کے لئے تیار ہے۔ مودی اور کیجریوال بے روزگاری پر کچھ نہیں بولتے۔ آج کا بے روزگار نوجوان گلی گلی گھوم رہا ہے، یہ سب مودی کی مہربانی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا، ’’پانچ سالوں سے ملک کا ماحول خراب ہوا ہے۔ بہت سے لوگ اس کی وجہ نریندر مودی، آر ایس ایس اور بی جے پی کو قرار دیں گے، میں اسے اس طرح کہنا چاہتا ہوں کہ ملک کے عوام خصوصا نوجوانوں کو راستہ نظر نہیں آ رہا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ہمارے ملک کے نوجوان بے روزگاری سے خوفزدہ ہیں۔ اتنے سال انہوں نے تعلیم حاصل کی لیکن پچھلے پانچ سالوں سے ملازمت نہیں مل رہی ہے۔ ان کے دل میں غصہ ہے، جس کا فائدہ نریندر مودی اٹھاتے ہیں۔‘‘