میڈیا، میرے بیان کوغلط طریقہ سے پیش کرکے گمراہی پھیلارہا ہے: سلمان احمد صدرایس آئی او مہاراشٹرا
ناندیڑ:5/فروری۔ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا(ایس آئی او)کے مہاراشٹرا صدر سلمان احمد نے اپنے وضاحتی بیان میں کہاہے کہ الیکٹرانک میڈیا ان کے بیان کوتوڑمروڑ کر اورانتہائی غلط طریقہ سے پیش کررہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ میرے پورے بیان میں میں نے کوئی غیردستوری بات نہیں کہی ہے۔ہماری لڑائی دستورکے دائرے میں ہے ،ہم دستور بچانے کیلئے لڑائی لڑرہے ہیں تب ہم کیسے دستورکے خلاف بات کہے سکتے ہیں۔ میڈیا میری تقریر میں سے کچھ حصہ دکھلاکر گمراہی پھیلانے کی کوشش کررہاہے۔سلمان احمد نے خود پر لگے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ دستور کو ختم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ شاہین باغ جیسی تحریک جڑپکڑسکے ، من مانے الزامات لگاکر عوام کو ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جوباتیں اُردو محاورہ کے استعمال کے ساتھ کہی گئی ہے اس محاورہ کو غلط طورپر پیش کیا جارہاہے۔ سلمان احمد نے کہاکہ دستور کو بچانے کی ہماری جدوجہدجاری رہے گی چاہے کوئی کتنا ہی غلط پروپیگنڈہ پھیلائے۔
یاد رہے ناندیڑ میں سی اے اے، این آرسی، این پی آر کے خلاف جاری احتجاجی مظاہرے میں یکم فروری کو ایس آئی او مہاراشٹرصدر سلمان احمد نے تقریر کی تھی۔ کھلے عام گولی مارو جیسے نعرے بازی کرنے والوں کے خلاف آنکھیں بند کرنے والے گودی میڈیا کو سلمان احمد کی تقریر میں قابل اعتراض باتیں نظر آگئیں اوراس نے سلمان احمد کی تقریر کے کچھ حصے کو لے کر واویلامچانا شروع کردیاہے، جس کے بعد ناندیڑ بی جے پی کے چند ذمہ داران کی جانب سے ناندیڑ پولیس سے شکایت کی گئی۔اس پر اتوارہ پولیس اسٹیشن میں سلمان احمد کے خلاف معاملہ درج کیاگیاہے۔